وزیر اعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان کی زیر صدارت الیکٹرک وہیکل سکلز ٹریننگ پر اعلیٰ سطحی اجلاس

بدھ 30 جولائی 2025 20:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2025ء) وزارت صنعت و پیداوار میں بدھ کو الیکٹرک گاڑیوں (ای وی) سے متعلق تکنیکی مہارتوں کی تربیت پر ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کی۔اجلاس میں نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک)، دو جرمن کمپنیوں لوکَس نول اور انسٹیٹیوٹ آف موٹر انڈسٹری (آئی ایم آئی) اور انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کے نمائندگان نے شرکت کی۔

اجلاس کا ایجنڈا پاکستان میں تیزی سے ترقی کرتی ہوئی الیکٹرک گاڑیوں کی صنعت کے لیے ہنر مند تکنیکی ماہرین کی فوری ضرورت پر مرکوز تھا۔ اجلاس میں ای وی کی مرمت اور سروسز کے لیے درکار مہارت کی کمی اور ان مسائل کے حل کے لیے بین الاقوامی اشتراک اور منظم تربیتی پروگرامز پر غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

جرمن کمپنیوں لوکَس نول اور آئی ایم آئی نے پاکستان میں بین الاقوامی معیار کے مطابق تکنیکی تربیت فراہم کرنے کے لیے نیوٹیک کے ساتھ اشتراک میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔

معاون خصوصی ہارون اختر خان نے اس بات پر زور دیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کا وژن ہے کہ پاکستان کی الیکٹرک گاڑیوں کی پالیسی کو کامیابی سے ہمکنار کیا جائے جس کے لیے ہنر مند انسانی وسائل کی مضبوط بنیاد ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ جب الیکٹرک گاڑیاں پاکستان کی سڑکوں پر عام ہو جائیں گی تو ان کی دیکھ بھال اور بیٹری سروسز کے لیے تربیت یافتہ ماہرین کی بڑی تعداد درکار ہو گی۔

انہوں نے مزید کہاکہ اس شعبے میں ہنر مند افرادی قوت کی ترقی روزگار کے وسیع مواقع پیدا کرے گی اور قومی معیشت میں نمایاں کردار ادا کرے گی۔معاون خصوصی نے یہ بھی واضح کیا کہ تمام تربیتی ماڈلز بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کیے جانے چاہئیں تاکہ پاکستان عالمی مسابقت میں آگے بڑھ سکے۔ انہوں نے تربیت یافتہ ای وی ٹیکنیشنز کو پاکستان کا قیمتی اثاثہ قرار دیا۔ہارون اختر خان نے انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ اور وزارت صنعت و پیداوار کو ہدایت دی کہ وہ نیوٹیک اور جرمن کمپنیوں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھ کر ایک جامع تربیتی اور عملدرآمدی منصوبہ تیار کریں۔