زراعت ہو یا معیشت، تعلیم ہو سیاست ہم کسی طرح بھی خواتین کے کردار کو نظرانداز نہیں کر سکتے،گورنر بلوچستان

بدھ 30 جولائی 2025 21:10

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2025ء) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ سیمینار میں محض تقریریں کرنے کی بجائے کچھ عملی کام بھی کرنے چاہیے۔ آج کے سیمینار میں وویمن یونیورسٹی کی غریب طالبات کیلئے دو سو اسکالرشپ اور صوبے کے دیگر ناداروں اور معذوروں کیلئے سلائی مشین اور ویل چیئرز کا اعلان کرنے پر وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈز نے بلوچستان میں کمیونٹی پر مبنی ترقی کے فروغ میں ہمیشہ اہم کردارادا کیا ہے۔

اس نے دیہی اداروں کو مضبوط بنیاد فراہم کی، مارکیٹ تک رسائی کو مؤثر بنایا اور نچلی سطح پر خواتین کی قیادت کو فعال انداز میں فروغ دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے معاشی ترقی اور زراعت میں جدت کاری کی جانب پیش رفت میں خواتین کسان کے حوالے سے پی پی اے ایف کے زیرِ اہتمام گورنر ہاؤس کوئٹہ میں منعقدہ سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

سیمینار میں وفاقی وزراء سید عمران احمد شاہ، وجیہہ قمر، صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی، ایڈوائزر ٹو چیف منسٹر ربابہ بلیدی، وائس چانسلر سردار بہادر خان وویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق، چیرمین پی پی اے ایف محمد تحسین، پی پی اے ایف کے سربراہ نادر گل بڑیچ، پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان کلیم اللہ بابر، ڈائریکٹر جنرل نیوٹیک حسین بخش مگسی، علماء کرام، مشائخ عظام، مختلف ڈویلپمنٹ آرگنائزیشنز کے نمائندوں سمیت خواتین کسان اور بزنس وویمن کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔

سیمینار سے خطاب میں گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ آج کا سیمینار صرف درپیش مسائل کو اجاگر کرنے کیلئے نہیں بلکہ ان رکاوٹوں کو ختم کرنے کے عزم کی تجدید کا بھی موقع ہے تاکہ کوئی بھی خاتون کسان پیچھے نہ رہ جائے۔ وقت آپہنچا ہے کہ ہم عورتوں کے برابر سماجی مقام اور کردار کو تسلیم کریں۔ انہوں نے کہا کہ گورنر ہاوس کے دفتری اوقات اور ملاقاتوں میں بھی عورتوں کا خاص خیال رکھا جاتا ہے اور ان کو درپیش مشکلات کا حل نکالنے کو ترجیح دی جاتی ہے۔

گورنر مندوخیل نے کہا کہ زراعت ہو یا معیشت، تعلیم ہو سیاست ہم کسی طرح بھی خواتین کے کردار کو نظرانداز نہیں کر سکتے گورنر نے اس بات پر زور دیا کہ کسان خواتین اور غریب طالبات کی مدد کرتے ہوئے ان کی عزت نفس کا ضرور خیال رکھیں۔ گورنر مندوخیل نے یورپی یونین، انٹرنیشنل ٹریڈ سینٹر، پی پی اے ایف اور پارٹنر تنظیموں کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ قبل ازیں وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ، صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی، ایڈوائزر ٹو چیف منسٹر ربابہ بلیدی اور پی پی اے ایف کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نادر گل بڑیچ نے سمینار سے خطاب کیا۔ آخر میں گورنر بلوچستان نے مقامی زمینداروں میں گرانٹ جبکہ مہمانان گرامی اور منتظمین میں یادگاری شیلڈز تقسیم کیے گئے۔