وفاقی وزیر قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے "س، Seen" آرٹ نمائش کا افتتاح کر دیا

بدھ 30 جولائی 2025 23:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2025ء) وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے بدھ کو پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے ) میں "س، Seen" کے عنوان سے ایک جدید آرٹ نمائش کا افتتاح کیا۔یہ نمائش معروف کیوریٹر سارہ راجپر کی نگرانی میں آرٹ ایکسچینج: موونگ امیج کیوریٹوریل فیلوشپ کے تحت منعقد کی گئی جس کا مقصد ویڈیو آرٹ اور موونگ امیجز کے ذریعے فن کی نئی جہتوں کو اجاگر کرنا ہے۔

نمائش میں مزاحمت، بکھراؤ اور غیر روایتی بصری اظہار جیسے موضوعات کو اجاگر کیا گیا ہے تاکہ ناظرین فن کو محسوس کرنے اور دیکھنے کے متبادل طریقے دریافت کر سکیں۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی نے کہا کہ یہ نوجوانوں کو فنون لطیفہ سے جوڑنے کا ایک شاندار موقع ہے، پی این سی اے اس نوعیت کی تقریبات کا انعقاد کر رہا ہے اور ہمیں اپنے نوجوان فنکاروں اور کیوریٹرز پر فخر ہے، میں یہاں آ کر بے حد خوش ہوں اور برٹش کونسل کا تعاون پر شکر گزار ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستانی اور برطانوی فنکاروں کے باہمی تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی تقاریب پاکستان کے ثقافتی منظرنامے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔نمائش میں پاکستان اور برطانیہ کے متعدد فنکاروں کے تخلیقی فن پارے پیش کئے گئے جن میں برٹش کونسل آرٹ کلیکشن کے چند اہم فن پارے بھی شامل تھے۔ افتتاحی دن ایک خصوصی پینل ڈسکشن کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں شریک فنکاروں نے اپنے تجربات اور خیالات سامعین سے شیئر کئے۔

یہ نمائش اور پینل ڈسکشن عوام کے لئے بلامعاوضہ کھلے تھے جن میں طلبا، فنون لطیفہ سے وابستہ افراد اور شائقینِ فن کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔نمائش آئندہ چند روز تک پی این سی اے میں جاری رہے گی جو پاکستان میں بصری فنون کے جدید رجحانات اور ثقافتی تبادلے کو فروغ دینے کا ایک مؤثر ذریعہ ثابت ہو رہی ہے۔