سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی اپنے ایرانی ہم منصب ڈاکٹر محمد باقر قالیباف سے ملاقات، دو طرفہ پارلیمانی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق

جمعرات 31 جولائی 2025 11:50

جنیوا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اپنے ایرانی ہم منصب ڈاکٹر محمد باقر قالیباف سے ملاقات کی ۔ملاقات جنیوا میں ہونے والی 6 ویں عالمی اسپیکرز کانفرنس کی سائیڈ لائن پر ہوئی۔ سپیکر نے بات چیت میں کہا کہ پاکستان اور ایران کے مابین تاریخی برادرانہ و دوستانہ تعلقات پائے جاتے ہیں۔

دونوں سپیکرز نے دو طرفہ پارلیمانی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان ایران کی خودمختاری اور سالمیت کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔مشرق وسطی میں پائیدار امن خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔ ایران پر اسرائیلی حملہ عالمی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔پاکستان تمام عالمی تنازعات کا مذاکرات کے ذریعے پرامن حل کا خواہاں ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان ایران کے جوہری پروگرام کا مذکرات کے ذریعے پُرامن حل چاہتا ہے۔پاکستان کی پارلیمان نے ایران پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف متفقہ قراردادیں منظور کیں۔ایرانی اسپیکر ڈاکٹر محمد باقر قالیباف نے ایران پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف پاکستان کی جانب سےحمایت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایران اور پاکستان کے مابین مضبوط برادرانہ اور دوستانہ تعلقات موجود ہیں۔ ایران پاکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ پاکستان کی پارلیمان اور عوام کی جانب سے حمایت کو ایرانی عوام ہمیشہ یاد رکھیں گے۔