صحرا میں کلانچیں مارتے چنکارا ہرن اور موروں کی خوش کن آوازوں کا منظر محکمہ کی بقا کی کاوشوںکا ثمر ہے ،ڈاکٹررضوان محبوب

جمعرات 31 جولائی 2025 13:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) سینئر وزیر مریم اورنگ زیب اور سیکرٹری جنگلات،جنگلی حیات وماہی پروری پنجاب مدثر ریاض ملک کی خصوصی ہدایت پر صوبہ میں چیف وائلڈ لائف رینجرز مبین الہی کی قیادت میں جنگلی حیات کی بقا و تحفظ کے موثر اقدامات کی بدولت قدرتی ماحول پر بھی مثبت اثرات نمایاں ہونا شروع ہوگئے ہیں ۔ترجمان محکمہ کے مطابق محکمہ جنگلی حیات بہاولپور ریجن کی موثر حفاظتی تدابیر کے پیش نظر صحرائے چولستان کے قدرتی ماحول میں آئے روز جنگلی حیات کی دید کے دلفریب نظاروں کے دلکش منظرمحفوظ کئے جارہے ہیں جن میں کہیں صحرا میں کلانچیں مارتے چنکارا ہرن نظر آرہے ہیں اور کہیں خوش کن آوازوں سے باہم اٹھکیلیاں کرتے مور دکھائی دے رہے ہیں۔

بلاشبہ یہ محکمہ کی بقا ئے جنگلی حیات کے ضمن میں کاوشوں کاثمر ہے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی چیف وائلڈلائف رینجر بہاولپور ریجن سید علی عثمان بخاری کے مطابق گزشتہ دنوں صحرائے چولستان میں پاکستان کے ایک نامور فطرت پسند کنزرویشنسٹ ڈاکٹررضوان محبوب کا نایاب پرندے بھکھڑ کا عام نظارہ اور اب اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر رحیم یار خان کا صحرا کے قدرتی ماحول میں چنکار ا ہرنوں کے ایک ریوڑ اور خوش کن آوازوں سے مزین موروں کی بھرپور نظارات اس امر کا ثبوت ہے کہ محکمہ کی صحرائے چولستان میں بقا ئے جنگلی حیات کیلئے کی گئی کاوشیں ثمر آور ہونا شروع ہوگئی ہیں جو کہ انتہائی خوش آئند اور حوصلہ افزا بات ہے نیز یہ منظر اس امر کے بھی عکاس ہیں کہ محکمہ کی تحفظ کی کوششوں اور قوانین کے مثر نفاذ کی بدولت ایسا ممکن ہوا ۔

یہ محکمہ کے ان پے درپے اقدامات کا نتیجہ ہے کہ جس میں اس قیمتی جنگلی حیات کے قدرتی مسکن کو مکمل امن و تحفظ فراہم کیاگیا ۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ مسلسل مون سون بارشوں نے بھی چولستان کے وسیع حصوں کوسرسبز و شاداب گھاس کے میدانوں میں تبدیل کردیا ہے جوکہ جنگلی فانا کیلئے انتہائی اطمینان بخش ہے ۔