پاکستان فیڈریشن بیس بال کے زیر اہتمام ملتان میں یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا انعقاد

جمعرات 31 جولائی 2025 16:30

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) پاکستان فیڈریشن بیس بال کے زیر اہتمام ملتان میں یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا کامیاب انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد نوجوانوں کو بیس بال کے کھیل کی جانب راغب کرنا اور نیا ٹیلنٹ تلاش کرنا تھا۔ کیمپ میں مختلف عمر کے نوجوان کھلاڑیوں نے شرکت کی اور اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی پاکستان فیڈریشن بیس بال کے مرکزی رہنما کنور بلال رانا تھے، جنہوں نے نوجوانوں کی ٹریننگ اور کھیل کے مراحل کا مشاہدہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ملتان کے نوجوانوں میں بیس بال کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، صرف مواقع اور مستقل رہنمائی کی ضرورت ہے۔ پاکستان کا مستقبل انہی نوجوانوں سے جڑا ہے اور ہم ان کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کریں گے۔

(جاری ہے)

فیڈریشن کے نائب صدر جمیل کامران نے بھی کیمپ کی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ ملتان جنوبی پنجاب کا اسپورٹس ہب بنتا جا رہا ہے یہاں کا ٹیلنٹ قابلِ قدر ہے اگر نوجوانوں کو مسلسل مواقع دیے جائیں تو یہ کھلاڑی عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کر سکتے ہیں۔

کیمپ کے کوچ حسن جمیل نے کہا کہ کیمپ میں بیس بال کے بنیادی اصول، ٹریننگ اور فٹنس پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ بچوں میں سیکھنے کا جذبہ نمایاں ہے اور ہمارا ہدف ہے کہ انہیں نیشنل لیول کے لیے تیار کیا جائے۔اس موقع پر اسپورٹس حلقوں کی اہم شخصیات سمیت انجم شہزاد بھی موجود تھے۔