ملک سیف الملوک کھوکھر سے حافظ میاں محمد نعمان کی ملاقات ، ملکی سیاسی صورتحال پر تباد لہ خیال، عمرہ کی ادائیگی پر مبارک باد

جمعرات 31 جولائی 2025 16:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور و ایم این اے ملک سیف الملوک کھوکھر سے جمعرات کے روز مشیر وزیر اعلی پنجاب حافظ میاں محمد نعمان نے یہاں کھوکھر ہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال،پنجاب میں وزیر اعلی مریم نواز کے جاری ترقیاتی پراجیکٹس اور این اے 129 میں ضمنی الیکشن کی تیاریوں کے حوالے سے تباد لہ خیال کیا گیا ۔

اس موقع پر سابق ڈپٹی میئر میاں محمد طارق اور بلال بٹ سمیت دیگر پارٹی کارکنان بھی موجود تھے۔حافظ میاں محمد نعمان نے ملک سیف الملوک کھوکھر کو عمرہ کی ادائیگی پر مبارکباد بھی دی ۔صدر مسلم لیگ (ن) لاہور ملک سیف الملوک کھوکھر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ این اے 129 میں ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ (ن) بھاری مارجن سے کامیاب ہو گی،عوام باشعور ہو چکے ہیں کہ کون سی جماعت عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور کون سی انتشار اور افراتفری کی سیاست کو فروغ دیتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن ایک عوامی جماعت ہے اور وہ عوام کے مسائل سے بخوبی آ گاہ ہے،مسلم لیگ ن جب بھی اقتدار میں آئی اس نے پاکستان کو بحرانوں سے نکال کر معیشت کو استحکام دیا ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز صوبے کے عوام کی خدمت کیلئے دن رات کوشاں ہیں،صوبہ بھر میں ترقیاتی منصوبے جاری ہیں،وزیر اعلی مریم نواز نے بلاتفریق تمام اراکین پنجاب اسمبلی کو اپنے اپنے حلقوں میں ترقیاتی پراجیکٹ شروع کروانے کے لئے فنڈز کی تقسیم کی ہے چاہے وہ اپوزیشن جماعت سے تعلق رکھتا ہو یا حکومتی جماعت سے۔

مشیر وزیر اعلی پنجاب حافظ میاں محمد نعمان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز کے ویژن کے مطابق پنجاب کابینہ سمیت تمام اراکین اسمبلی صوبے کے عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے کوششوں میں مصروف عمل ہیں،تعلیم ، صحت سمیت دیگر شعبوں میں بہتری کے لئے اصلاحات لائی جا رہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز کی ایک سالہ کار کردگی ماضی کی حکومت کی چار سالہ کارکردگی سے بدرجہ ہا بہتر ہے،وزیر اعلی مریم نواز محمد نواز شریف اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے ویژن کو آ گے بڑھاتے ہوئے صوبے کے عوام کی خدمت کر رہی ہیں۔