مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح ملک و قوم کے لیے رول ماڈل ہیں ،رانا اشفاق رسول خان

جمعرات 31 جولائی 2025 17:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2025ء)بابائے قوم حضرت قائد اعظم محمد علی جناح کی بہن مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح قوم کے لیے رول ماڈل ہیں بالخصوص خواتین اور بچیاں مادر ملت کی زندگی کی جدوجہد کو سامنے رکھتے ہوئے خود کو ملک و ملت کی خدمت کے لیے وقف کر کے دوسروں کے لیے مثال بن سکتی ہیں ان خیالات کا اظہار اے جی ایس اسکول کے سی ای او ، فرزندان پاکستان کے بانی و سرپرست اعلی اور پیام پاکستان کے صدر رانا اشفاق رسول خان نے مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کے یوم ولادت پر اے جی ایس اسکول میں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب میں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا جبکہ اسکول کے بچے اور بچیوں نے مادر ملت کو اپنی تقاریر میں خراج عقیدت پیش کیا۔

(جاری ہے)

رانا اشفاق رسول خان نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح نے پاکستان کی سیاست میں جو کردار ادا کیا اس کی مثال ملنا بہت مشکل ہے انہوں نے اپنے بھائی اور بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے شانہ بشانہ چلتے ہوئے ناصرف ان کی عملی سیاست میں اہم کردار ادا کیا بلکہ بیماری کے دنوں میں بھی بابائے قوم کی جو خدمت کی اس کی مثال ملنا بہت مشکل ہے سالگرہ کی تقریب میں ممتاز سماجی کارکن اسلم فاروقی بھی موجود تھے۔