تاجر برادری کو درپیش چیلنجز کا واحد حل جامع اور پائیدار اقتصادی اصلاحات ہیں ، ناصر منصور قریشی

جمعرات 31 جولائی 2025 17:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر ناصر منصور قریشی نے ریگولیٹری اصلاحات اور ادارہ جاتی شفافیت کے لئے حکومت کی عزم کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان کے کاروباری منظرنامہ کی حقیقی صلاحیت کو کھولنے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں ۔

چیمبر کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق کاروباری رہنماؤں کے ساتھ ایک میٹنگ میں انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کو درپیش چیلنجز کا واحد حل جامع اور پائیدار اقتصادی اصلاحات ہیں۔ حکومت کے حالیہ بیانات مثبت ارادے کی عکاسی کرتے ہیں لہذا حکومت ٹھوس اور قابل عمل اقدامات اٹھائے جو اعتماد بحال کریں اور سرمایہ کاری کو تحریک دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ٹیکس لگانے کے طریقہ کار کو آسان بنانے، ریگولیٹری منظوریوں کی ڈیجیٹلائزیشن اور کاروبار کے لئے ون ونڈو سہولت کاری کے نظام پر زور دیا تاکہ کاروباری ترقی پروان چڑھے اور معاشی سرگرمیاں تیز ہوں۔

آئی سی سی آئی کے صدر نے مزید تجویز دی کہ اصلاحات کے عمل میں نجی شعبے کو ایک سٹریٹجک پارٹنر کے طور پر لیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اداروں اور چیمبرز آف کامرس کے درمیان باقاعدہ مشاورت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ اصلاحات کی بنیاد صرف نظریاتی فریم ورک پر نہیں بلکہ عملی حقائق پر ہے۔آئی سی سی آئی کے صدر نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ جن ممالک نے اپنے ریگولیٹری ماحول کو کامیابی کے ساتھ جدید بنایا ،ان میں سرمایہ کاروں کے اعتماد اور جی ڈی پی کی نمو میں فوری اضافہ دیکھنے میں آیاہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری حکومت کی حمایت کے لئے تیار ہے۔