ضمنی الیکشن این اے 129لاہور تھری،عثمان غنی ریٹرننگ آفیسر مقرر

ضمنی الیکشن کیلئے کاغذات نامزدگی 4اگست تا 6اگست 2025ء آر او دفتر میں جمع ہونگے سکروٹنی کی آخری تاریخ 11اگست ،شیڈول کے مطابق 18ستمبر کو ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ ہوگی‘ عثمان غنی

جمعرات 31 جولائی 2025 17:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2025ء) ضمنی الیکشن این اے 129لاہور تھری کے لئے الیکشن کمشن آف پاکستان نے ایڈیشنل کمشنر ریونیو لاہور ڈویژن عثمان غنی کو ریٹرننگ آفیسر مقرر کردیا۔ ریٹرننگ آفیسر عثمان غنی نے این اے 129ضمنی الیکشن کے لئے الیکشن کمشن آف پاکستان کے نوٹیفکیشن کے مطابق شیڈول جاری کردیا۔ آر او عثمان غنی نے کہا کہ شیڈول کے مطابق این اے 129ضمنی الیکشن کے لئے کاغذات نامزدگی 4اگست تا 6اگست 2025ء آراو دفتر میں جمع ہوں گے۔

نامزد امیدواروں کے نام 7اگست 2025کو شائع کردئیے جائیں گے۔ کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی کی آخری تاریخ 11اگست 2025ہے۔الیکشن کمشن آف پاکستان شیڈول کے مطابق آر او کے کاغزات کو مسترد/داخل کرنے کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کی آخری تاریخ 16اگست 2025ہے جبکہ اپیلیٹ ٹریبونل کے اپیل پر فیصلہ کرنے کی آخری تاریخ 22اگست 2025ہے۔

(جاری ہے)

ریٹرننگ آفیسر عثمان غنی نے کہا کہ حتمی امیدواروں کی ریوائزڈ فہرست 23اگست 2025کو شائع ہوگی، 25اگست امیدواروں کے اپنے نام واپس لینے اور حتمی امیدواروں کی فہرست کی آخری تاریخ ہے، ضمنی الیکشن این اے 129 کے لئے حتمی امیدواروں کو 26اگست کو انتخابی نشان دئے جائیں گے۔

ریٹرننگ آفیسر عثمان غنی نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے شیڈول کے مطابق 18ستمبر 2025ء کو ضمنی الیکشن این اے 129 کے لئے پولنگ ہوگی، ضمنی الیکشن این اے 129 کے لئے کاغذات نامزدگی آر او آفس اولڈ کرکٹ ہائوس جیل روڈ، لاہور میں جمع ہونگے، آج سے امیدوار ضمنی الیکشن این اے 129 کے لیے کاغزات نامزدگی 9بجے تا 4بجے آر او آفس سے حاصل کر سکتے ہیں۔