تحریک انصاف نے 5 اگست کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت کیلئے عدالت سے رجوع کر لیا

جلسہ کرنا آئینی حق ہے، عدالت جلسے کی اجازت کیلئے این اوسی جاری کرنے کا حکم دے، پی ٹی آئی کی درخواست

muhammad ali محمد علی جمعرات 31 جولائی 2025 18:55

تحریک انصاف نے 5 اگست کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت کیلئے عدالت ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 31 جولائی2025ء)پاکستان تحریک انصاف نے 5 اگست کومینارپاکستان پرجلسے کی اجازت کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے تحریک انصاف کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت سے متعلق کوئی فیصلہ نہ کیے جانے کے بعد پارٹی نے عدالت سے رجوع کر لیا۔ تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی امتیازمحمود شیخ کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائرکی گئی ہے جس میں موقف اختیارکیا گیا کہ ڈپٹی کمشنرلاہورکو جلسے کی اجازت کیلئے درخواست دی ہے، ابھی تک جلسے کیلئے این او سی جاری نہیں کیا گیا۔

درخواست گزار نے کہا کہ جلسہ کرنا آئینی حق ہے، عدالت سے استدعا ہے کہ جلسے کی اجازت کے لئے این اوسی کے اجراء کے احکامات جاری کئے جائیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب تحریک انصاف نے اسلام آباد میں جلسے کے انعقاد کیلئے کوششیں شروع کر دیں۔ پاکستان تحریکِ انصاف نے اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں 5 اگست کو جلسہ کرنے کی اجازت مانگ لی۔ درخواست پارٹی کے ریجنل صدر عامر مغل اور ریجنل جنرل سیکریٹری ملک عامر کی جانب سے دی گئی ہے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے جلسے کی اجازت کی درخواست ڈپٹی کمشنر کو جمع کروائی گئی ہے۔ تحریکِ انصاف کا درخواست میں کہنا ہے کہ اپنے سیاسی بیانیے کو آگے بڑھانے کے لیے جلسہ کرنے کی اجازت دی جائے۔