حضرت غوث بہاؤ الدین زکریا سہروردی ملتانی کی786ویں سالانہ عرس کی سہ روزہ تقریبات شروع

جمعرات 31 جولائی 2025 20:35

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2025ء)حضرت غوث بہاؤ الدین زکریا سہروردی ملتانی رحمت اللہ علیہ کی786ویں سالانہ عرس کی سہ روزہ تقریبات دربار عالیہ قاسم باغ ملتان میں شروع ہو گئیں،تقریبات کا آغاز غسل سے ہوا ،سابق رکن صوبائی اسمبلی مخدوم مرید حسین قریشی، سابق وفاقی وزیر مذہبی امور علامہ سید حامد سعید کاظمی ،دربار حضرت چادر والی سرکار کے سجادہ نشین پیر سید علی حسین شاہ اور مخدوم زادہ محمد سجاد حسین قریشی نے مزار کو غسل دیا اور اس موقع پر ملکی سالمیت و استحکام ،اتحاد امت دہشت گردی کے خاتمے اور غزہ و فلسطین کے مظلوم عوام کے لیے خصوصی دعا کی گئی ۔

اس موقع پر محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام قومی زکریا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مخدوم مرید حسین قریشی نے عقیدت مندوں پر زور دیا کہ وہ حضرت شیخ الاسلام کی تعلیمات کے مطابق ذکر الٰہی کو اپنا شعار بنائیں کیونکہ ذکر الٰہی سے دلوں کی نفرتیں دور ہوتی ہیں اور آپس میں اتحاد و محبت اور اخوت و بھائی چارہ کے جذبات فروغ پاتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اسلامی تعلیمات پر صدق دل سے عمل پیرا ہونے ہی میں دین و دنیا میں کامیابی اور نجات کا راز مضمر ہے ۔

دربار عالیہ حضرت خواجہ غلام فرید کوٹ مٹھن شریف کے سجادہ نشین خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ نے کہا کہ حضرت غوث بہاولدین زکریا کے خلفا اور شاگردوں نے برصغیر سمیت پورے جنوبی ایشیا کو اسلام کے نور سے منور کیا اور تبلیغ دین اور اشاعت اسلام کے لیے اہم خدمات سر انجام دی ۔سابق وفاقی وزیر مذہبی امور علامہ سید حامد سعید کاظمی نے کہا کہ حضرت غوث بہاؤالدین زکریا کا فیضان قیامت تک جاری و ساری رہے گا ۔

انہوں نے کہا کہ درگاہ کے سجادہ نشین مخدوم شاہ محمود حسین قریشی اس وقت ایک آزمائش سے دو چار ہیں مجھے امید ہے کہ وہ اس میں سرخرو ہوں گے ہم مشکل کی اس گھڑی میں مخدوم شاہ محمود حسین قریشی کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں ۔مہمان خصوصی سجادہ نشین دربار حضرت چادر والی سرکار پیر سید علی حسین شاہ نے حضرت شیخ الاسلام کی خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔

قومی کانفرنس میں جماعت اہل سنت کے صوبائی ناظم اعلی علامہ محمد فاروق خان سعیدی، قاری خادم حسین سعیدی اور محکمہ اوقاف ملتان کے ریجنل خطیب مفتی محمد کاشف فریدی نے بھی خطاب کیا ۔تقریبات کے اسٹیج سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق خان قادری نے کہاکہ ملکی تعمیر و ترقی استحکام وطن دہشت گردی کے خاتمے کے لیے عساکر پاکستان سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔