تاجروں کا معاشی قتل عام بند کیا جائے، دہشت گردی سے متاثرہ پشاور کے تاجروں کے ساتھ کھڑے ہیں، حافظ نعیم الرحمن

جمعرات 31 جولائی 2025 20:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ تاجروں کا معاشی قتل عام بند کیا جائے، دہشت گردی سے متاثرہ پشاور کے تاجروں کے ساتھ جماعت اسلامی شانہ بشانہ کھڑی ہے، تجاوزات کے نام پر معاشی قتل مزید بند کیا جائے، صوبے کے تاجروں کو ٹیکسز میں ریلیف فراہم کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان بزنس فورم کے ایک نمائندہ وفد سے پشاور میں ملاقات کے دوران کیا۔وفد کی قیادت پاکستان بزنس فورم ضلع پشاور کے سینئر نائب صدر مشتاق احمد خلیل کر رہے تھے۔اس موقع پرجماعت اسلامی ضلع پشاور کے امیر بحر اللہ خان ایڈوکیٹ اور سٹی امیر حافظ حمید اللہ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

مشتاق احمد خلیل نے مرکزی امیر کو پاکستان بزنس فورم کی کارکردگی کے بارے میں آگاہ کیا جس پر مرکزی امیر نے پاکستان بزنس فورم پشاور کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پشاور کے تاجروں کو بہت مشکلات درپیش ہیں ،ہم پشاور کے تاجروں کے ساتھ ہر قسم کے تعاون کیلئے تیار ہیں، قبائلی علاقہ جات اور ملاکنڈ ڈویژن کے تاجروں کو اعتماد میں لے کر حکومت فیصلے کرے ،تاجروں نے بڑی قربانیاں دی ہیں، تاجروں کیلئے بھی آسانیاں پیدا کی جائیں، معیشت میں تاجر برادری ایک اہم کردار ادا کر رہی ہے۔