سیلاب سے زیادہ نقصانات ہوئے ہیں، وفاقی حکومت مدد کرے ، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان

جمعرات 31 جولائی 2025 21:20

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں کی نسبت اس دفعہ مختلف علاقوں میں سیلاب سے بہت زیادہ نقصانات ہوئے ہیں۔ محدود وسائل کی وجہ سے تمام متاثرہ علاقوں میں مکمل انفراسٹرکچر کی بحالی ممکن نہیں۔

سیلاب اور بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی وجہ سے عوام کو درپیش مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبائی حکومت کے وسائل سے ایمرجنسی کے تحت اب تک تقریباً 44کروڑ کی 157 منصوبے منظور کئے ہیں جن پر کام جاری ہے۔ پہلی ترجیح پینے کا صاف پانی، آبپاشی کے نہروں اور بجلی کی بحالی ہے۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں عوام کو ریلیف اور ٹینٹ فراہم کئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی مکمل بحالی اور متاثرین کو نقصانات کے معاوضوں کی ادائیگی کیلئے وفاقی حکومت سے 15 ارب کی مدد فراہم کرنے کیلئے خصوصی مراسلہ لکھا گیا ہے۔ امید ہے کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف صوبائی حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کرتے ہوئے متاثرین کو معاوضوں کی ادائیگی اور انفراسٹرکچر کی بحالی کیلئے بھرپور تعاون فراہم کریں گے۔ انہوں نے ایمرجنسی کے تحت جاری منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنانے کے بھی احکامات دیئے۔