قائمقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے سابق گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا اور سی ایس ایس کے نمائندہ وفد کی ملاقات

جمعرات 31 جولائی 2025 21:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) قائمقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے سابق گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا اور سی ایس ایس ایسوسی ایشن پاکستان کے ایک نمائندہ وفد نے اہم ملاقات کی۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق ملاقات کے دوران سی ایس ایس (Central Superior Services ) کے امتحانات میں شرکت کے خواہشمند نوجوانوں کو درپیش اہم مسائل، بالخصوص عمر کی حد اور کوششوں کی تعداد سے متعلق پالیسی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد نے مؤقف اپنایا کہ موجودہ حدود ہزاروں باصلاحیت نوجوانوں کے لئے سول سروس میں شمولیت کی راہ میں رکاوٹ ہیں جو کہ قومی ترقی کے لئے نقصان دہ ہے۔سیدال خان نے کہا کہ نوجوان نسل ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ ہے اور ان کے لئے مساوی مواقع کی فراہمی ریاست کی اہم ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک کی ترقی اور نوجوانوں کو تعلیم، روزگار اور مقابلے کے امتحانات جیسے مواقع فراہم کرنے کے لئے سرگرم عمل ہے، نوجوان قیادت ہی ملک کو ترقی کی نئی راہوں پر گامزن کر سکتی ہے۔

قائمقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے وفد کے مؤقف کو بغور سنا اور مکمل ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ وہ اس اہم مسئلے کو ایوان بالا میں مؤثر انداز میں اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔سی ایس ایس ایسوسی ایشن کے وفد نے اس ملاقات کو ایک مثبت پیشرفت قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ جلد اس حوالے سے عملی اقدامات کئے جائیں گے تاکہ قابل نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانے کا پورا موقع مل سکے۔