حکومت کے موثر اقدامات ،بہتر حکمت عملی اور جامع اصلاحات کے نتیجے میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی بہتر ہو گئی

جمعرات 31 جولائی 2025 21:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) حکومت کے موثر اقدامات ،بہتر حکمت عملی اور جامع اصلاحات کے نتیجے میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی بہتر ہو گئی ہے،تقسیم کار کمپنیوں کے خسارے میں 242 ارب روپے کی بہتری آئی ہے جبکہ گردشی قرضے میں اضافہ بھی رک گیا ہے۔پاور ڈویژن کے ذرائع کے مطابق کئی عشروں کے بعد بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں بہتری کے اثار نظر آرہے ہیں، بھرپور نگرانی،وصولیوں میں بہتری اور بجلی کی چوری کی روک تھام کے باعث تقسیم کار کمپنیوں کا خسارہ 193 ارب روپے کم ہوا ہے ۔

لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی اور ملتان الیکٹرک پاور کمپنی نے خسارے میں کمی کے حوالے سے سب سے اچھی کارکردگی دکھائی ہے،موثر اقدامات کی بدولت تقسیم کار کمپنیوں کے خسارے میں 242 ارب روپے کی بہتری ہوئی ہے ۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ گردشی قرضے میں اضافے کو روکنے اور اس میں کمی کے لئے بھی ایک جامع حکمت عملی پر عمل کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے گردشی قرضوں کا فلو 780 ارب روپے رہا ہے۔

کابینہ کمیٹی برائے توانائی نے پاور ڈویژن کی سفارش پر نیشنل الیکٹریسٹی پلان -سٹریٹجک ڈائریکٹو 87 میں ترامیم کی منظوری دی ہے۔ ان ترامیم کے تحت بجلی کی ترسیل کے اخراجات 12.55 روپے فی کلو واٹ ہوں گےاور بڈنگ پرائس بھی اس میں شامل ہو گی اس کے علاوہ انڈیپینڈنٹ سسٹم اینڈ مارکیٹ آپریٹر کی آپریشنلائزیشن کا کام بھی مکمل ہو چکا ہےاسی طرح نیشنل ٹرانسمشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی اور بجلی تقیسم کار کمپنیوں میں مارکیٹ آپریشنز کے محکمےتشکیل دیئے جا چکے ہیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی بجلی کے شعبے میں جامع اصلاحات متعارف کرانے اور تقسیم کارکمنیوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے بھرپور اقدامات پر وفاقی وز پاور ڈویژن سردار اویس احمد لغاری ، وفاقی سیکرٹری پاور ڈویژن ڈاکٹر محمد فخر عالم اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ وزیراعظم کی ہدایت پر بہترین کارکردگی دکھانے والی اور خسارے میں کمی لانے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسران کو ستائشی خطوط بھی تحریر کئے جائیں گے۔

بجلی کے شعبے میں اصلاحات کے تحت 35 آئی پی پیز کے ساتھ پرانے معاہدوں کو ختم کیا گیا ہے،6 آئی پی پیز سے بالکل معاہدے ختم کرنے اور اصلاحات سے قوم کو 3 کھرب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا ہے، بجلی کے صارفین کو سہولت فراہم کرنے کے لئے بھی حکومت بھرپور طریقے سے کوشاں ہے ۔اس سلسلے میں 8 روپے 35 پیسے فی یونٹ کے ٹیرف کمی سے بجلی صارفین کو تاریخی ریلیف ملا ہے،بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں کو واجبات کی وصولیوں کو بہتر بنانے اور کنڈا سسٹم کے خاتمے کے ساتھ ساتھ لائن لاسز میں کمی کے لئے بھی اہداف دیئے گئے ہیں جس پر تمام کمپنیاں بھرپور طریقے سے کام کر رہی ہیں اور ان تمام امور کی نگرانی وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری خود کر رہے ہیں وفاقی وزیر پاور ڈویژن اور پاور ڈویژن کے حکام کی موثر نگرانی کی وجہ سے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی میں رواں سال مزید بہتری کا امکان ہے۔

\395