گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں شجرکاری مہم کا آغاز

جمعہ 1 اگست 2025 11:47

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2025ء) وائس چانسلر گورنمنٹ کالج وویمن یونیورسٹی سیالکوٹ پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر نے امام بی بی نیو کیمپس کی سرزمین پر پہلا پودا لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز کیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر پریس، میڈیا و پبلیکیشنز کے مطابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لگایا جانے والا یہ صرف ایک پودا نہیں بلکہ یہ ترقی کا آغاز ہے، امید کا پیغام ہےاور علم کی روشنی کا پہلا چراغ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ یہ وہی کیمپس ہے جہاں عنقریب کتب کے اوراق کھلیں گے، خوابوں کی تشریح ہو گی اور بیٹیاں اعتماد، تحقیق اور خودی سے آشنا ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ خوش نصیب ہیں وہ طالبات جنہیں اس عظیم الشان، جدید اور روح افزا تعلیمی ماحول میں اپنی علمی پرواز کا آغاز نصیب ہو گا۔یہ کیمپس صرف اینٹوں اور دیواروں سے نہیں، علم، کردار اور وژن سے تعمیر ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہاں صرف تعلیم نہیں دی جائے گی بلکہ یہاں تحقیق، تربیت اور تعمیرِ نسل نو ہو گی، یہ کیمپس بیٹیوں کے خوابوں کی سرزمین ہے اور یہ پودا کل کے روشن پاکستان کی علامت ہے۔