پاکستانی نشریاتی مارکیٹ سنگین بحران کا شکار، نجی سپورٹس چینلر نے پاکستان ویسٹ انڈیز سیریز سے ہاتھ کھینچ لیا

ٹی وی اشتہارات کی آمدن، کارپوریٹ سپانسرشپس میں سالانہ 20 تا 22 فیصد کمی ، ایشیاء کپ کا براڈکاسٹر ’سونی‘ پاکستان کو کل فیس کا 25 فیصد ادا کرنے کا کہہ رہا ہے حالانکہ پاکستان کا حصہ تقریباً 10 فیصد ہے : عمر فاروق کالسن

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 1 اگست 2025 11:55

پاکستانی نشریاتی مارکیٹ سنگین بحران کا شکار، نجی سپورٹس چینلر نے پاکستان ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ یکم اگست 2025ء ) سینئر سپورٹس صحافی نے دعوی کیا ہے کہ پاکستان کی نشریاتی مارکیٹ سنگین بحران کا شکار ہے اور کم منافع کی وجہ سے کئی نجی سپورٹس چینل نے پاکستان ویسٹ انڈیز سیریز سے ہاتھ کھینچ لیا ہے۔
’کرک انفو‘ اور ٹریبیون جیسے اداروں سے منسلک رہنے والے سپورٹس صحافی عمر فاروق کالسن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’ پاکستان کی نشریاتی مارکیٹ سنگین بحران کا شکار ہے۔

ٹی وی اشتہارات کی آمدن میں ہرسال 20 سے 22 فیصد کمی اور کارپوریٹ سپانسرشپس میں مسلسل کمی کے باعث بڑے ادارے جیسے اے سپورٹس اور ٹین سپورٹس نے خاموشی سے پاکستان بمقابلہ ویسٹ انڈیز سیریز سے ہاتھ کھینچ لیا ہے اور اس کی وجہ سرمایہ کاری پر کم منافع کو قرار دیا گیا ہے‘۔

(جاری ہے)

 
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں ایشیاء کپ دکھانے کے رائٹس کے معاملے پر بھی بحران بڑھتا جارہا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ ’’ ایشیاء کپ سے پہلے یہ بحران مزید بڑھ رہا ہے۔ SONY جس کے پاس 2031ء تک 170 ملین ڈالر کے معاہدے کے تحت ٹورنامنٹ کے حقوق ہیں پاکستانی براڈکاسٹرز کو کل فیس کا 25% ادا کرنے کے لیے کہہ رہا ہے حالانکہ پاکستان کا حصہ تقریباً 10% ہے۔ آئیے امید کرتے ہیں کہ یہ بلیک آؤٹ کا باعث نہیں بنے گا‘۔