بلوچستان میں پاکستان بیت المال کے دفاتر اور اداروں کو فعال بنانے کا مقصدعوامی شکایات کا ازالہ کرنا ہے،وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ

جمعہ 1 اگست 2025 13:04

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2025ء) وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں پاکستان بیت المال کے دفاتر اور اداروں کو مزید فعال بنانے کا مقصد عوامی شکایات کا ازالہ کرنا ہے۔کوئٹہ میں پاکستان بیت المال کے تعلیم ،صحت اور سماجی کاموں کے نیٹ ورک کو توسیع دیکر بلوچستان کے احساس محرومی کو دور کیا جائےگا۔

یہ بات انھوں نے کوئٹہ میں پاکستان بیت المال بلوچستان کے ڈائریکٹر محمد داؤد کی جانب سے دی گئی محکمانہ بریفنگ کے موقع پر کی۔ وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے کہا کہ پریشان ومصیبت میں مبتلا افراد کے چہروں پر مسکراہٹ لانا اور یتیموں و بیواؤں کی کفالت کرکے ہی ہم دنیا و آخرت میں سرخرو ہو سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی ڈائریکٹر بیت المال محمد داؤد نے وفاقی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بلوچستان میں گزشتہ 3 سال کے دوران غریب ونادار 2505 مریضوں کو علاج معالجے کے لیے 286758601 روپے، 1089مستحق طالب علموں کو وظائف کی مد میں 30 ملین روپے فراہم کیے گئے ہیں جبکہ کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں پاکستان بیت المال کے 23 ویمن ایمپاورمنٹ سینٹرز میں 50 ہزار خواتین کو فنی مہارت سکھائی گئی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ پاکستان بیت المال کے زیراہتمام 14 چائلڈ لیبر سکولوں سے 4022 بچوں نے تعلیم حاصل کی ہے اور یتیم بچوں کے لیے تربت، کوئٹہ، خاران اور ژوب میں قائم سویٹ ہومز میں 400 یتیم بچے زیر تعلیم ہیں جنہیں تعلیم کی فراہمی کے ساتھ خوراک اور رہائش بھی فراہم کی جارہی ہے۔وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے کہا کہ کوئٹہ آنے کا مقصد پاکستان بیت المال کی کارکردگی کا جائزہ لیکر معاشرے کے بے سہارا افراد کے لیے مزید اقدامات کرنا ہیں۔

بلوچستان میں پاکستان بیت المال کے دفاتر اور اداروں کو مزید فعال بناکر عوام کی شکایات کا جائزہ لیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ یتیم بچوں کو معاشرے کا مفید اور محب وطن شہری بنانے کے ساتھ انہیں علم وہنر کی دولت سے مالا مال کریں گے تاکہ وہ اپنی عملی زندگی میں کسی پر بوجھ بننے کی بجائے باعزت روزگار کمائیں۔وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ نے پاکستان بیت المال کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف کا وژن ہے کہ حکومتی ادارے صرف مالی امداد تک محدود نہیں ہونے چاہیےبلکہ نوجوانوں اور خواتین کو فنی مہارت وہنر سکھاکر انہیں معاشی خودانحصاری کی طرف راغب کرنا چاہے تاکہ وہ معاشرے میں باعزت زندگی گزارنے کے لیے اپنے پاؤں پر کھڑے ہوسکیں۔