حلقہ دو لچھراٹ کے نواحی علاقہ موضع کھاگراں مسائلستان بن گیا

25 سال سے حلقہ ایم ایل ایز کی طفل تسلیاں ، عوام علاقہ کا صبر کا پیمانہ لبریز

جمعہ 1 اگست 2025 13:12

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اگست2025ء) حلقہ دو لچھراٹ کے نواحی علاقہ موضع کھاگراں مسائلستان بن گیا، 25 سال سے حلقہ ایم ایل ایز کی طفل تسلیاں ، عوام علاقہ کا صبر کا پیمانہ لبریز ، ہر الیکشن میں وعدے اور سہانے خواب دیکھا کر ووٹ حاصل کرنے والے بعد میں نظر تک نہیں آتے ، درخواست یا وفد ملنے کے لئے جائے تو محض جھوٹی تسلیاں دے کر واپس کر دیتے ہیں ، روڈ کی حالت یوں ہے کہ جیسے ابھی ابھی نئی کچی روڈ تعمیر کی گئی ہو ، تارکول اکھڑ نے کے بعد سولنگ بھی اکھڑ چکی ہے ، ایک سال دیتے ہیں جو پارٹی علاقہ کے مسائل حل کرنے میں کامیاب ہوگئی تو ووٹ دیں گے بصورت دیگر الیکشن کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کریں گے ، تفصیلات کے مطابق علاقہ کھاگراں کے مکینوںکا ایک نجی ہوٹل میں علاقہ کی پسماندگی کے حوالے سے ایک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں تمام سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں اور کارکنوں نے شرکت کی جس میں اجتماعی فیصلہ کیا گیا کہ پہلے گائوں کی ترقی اہم ہے بعد میں سیاسی پارٹیاں و وفاداریاں ، عوام علاقہ کے مطابق کھاگراں پختہ روڈ ری کنڈیشن کی ضرورت ہے، مڈل سکول کی اپ گریڈیشن، صاف پینے کے لئے پانی کی سکیم اور بی ایچ یو کے قیام کے لئے اقدام اٹھانے والی پارٹی کو سپورٹ کرنے کافیصلہ کیا گیا بصورت دیگر قانون ساز اسمبلی کے آمدہ الیکشن کا بھرپور انداز میں بائیکاٹ کیا جائے گااور پولنگ سٹیشن پر ایک بھی ووٹ کاسٹ نہ کرکے احتجاج ریکارڈ کروائیں گے ، عوام علاقہ کے مطابق بازل نقوی ، مرتضیٰ گیلانی ، چوہدری شہزاد ناکام ایم ایل ایز ثابت ہوئے ہیں ، انتہائی افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ اسمبلی سیکرٹریٹ سے آدھے گھنٹے کی مسافت پر قائم گائوں کی حالت زار اور مسائل پر حکمرانوں کی بے حسی معنی خیز ہے ، آخر کون سی طاقتیں ہیں جو اس علاقہ کی تعمیر وترقی میں رکائوٹ ہیں ، گائوں کا تقریباً 5 سو سے زائد ووٹ ہے لیکن جو بھی کامیاب ہوتا ہے وہ کھاگراں کے عوام کو بھول جاتا ہے ، بجلی کے نئے ٹرانسفارمر اور پول کی فراہمی کے لئے ہم وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوا رالحق کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے عوام علاقہ کے پر مطالبہ پر اپنی صوابدیت پر عوام علاقہ کو بجلی کے مسائل سے نجات دلائی ۔

(جاری ہے)

اس لئے عوام علاقہ کا متفقہ فیصلہ ہے کہ اب کی بار یا تو الیکشن سے قبل ہمارے کام ہونے چاہیے بصورت دیگر ایک بھی ووٹ پول نہیں ہوگا ۔