دونوں بچوں کی لاشیں نکالی گئیں، باپ کی تلاش جاری

جمعہ 1 اگست 2025 17:28

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اگست2025ء)بچے احمد کے بعددو دریا کے سمندر سے بچی آیت کی لاش بھی نکال لی گئی ہے تاہم بچوں سمیت سمندر میں کودنے والے والد کی تلاش جاری ہے۔کراچی میں دو دریا کے قریب 2 بچوں سمیت سمندر میں کودنے والے والد کی تلاش جاری ہے، بچی آیت کی لاش بھی سمندر سے نکال لی گئی، صبح ایک بچے احمد کی لاش بھی ملی تھی۔

ریسکیو حکام کے مطابق بچی آیت کی لاش کلاک ٹاور کے مقام سے ملی ہے۔بچوں کے دادا عبدالقدوس کے مطابق بیٹے اور بہو میں گھریلو ناچاقی کی بنا پر عدالت میں بچوں کی حوالگی کا کیس چل رہا تھا، عدالت نے بچوں کو ماں کے حوالے کرنے کے احکامات دیئے تھے، گزشتہ روز کیس کی پیشی کے بعد میرا بیٹا بچوں کو ساتھ لے گیا تھا، اندازہ نہ تھا یہ حادثہ ہوجائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پوتے احمد نے جاتے ہوئے مجھ سے چیز کے پیسے بھی لیے تھے، ذہنی دبائو کے نتیجے میں بیٹے اورنگزیب نے یہ اقدام اٹھایا ہوگا۔دوسری جانب خود کشی کرنے والے اورنگزیب کے دوست نے بتایا کہ اورنگزیب عالم میرا دوست تھا بیوی سے جھگڑے کے باعث عدالت میں معاملہ چل رہا تھا۔دوست نے کہا کہ گزشتہ روز عدالت میں دونوں موجود تھے عدالت سے نکلنے کے بعد اورنگزیب اپنے بچوں سمیت چلا گیا اور واپس نہیں ایا رات کو خبریں دیکھ کر اندازہ ہوا کہ شاید اورنگزیب عالم ہی نے خودکشی کی ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ابھی بچے کی لاش دیکھی تو پتہ چلا احمد کی ہے گھریلو جھگڑے عدالتی کیس سے پریشان ہو کر اورنگزیب عالم نے انتہائی قدم اٹھایا۔علاقہ مکینوں اور پولیس ذرائع کے مطابق اورنگزیب عالم کا اپنی اہلیہ سے گھریلو ناچاقیوں کے باعث اکثر جھگڑا رہتا تھا، جو مبینہ طور پر اس افسوسناک قدم کی وجہ بنا۔متوفی کے بھائی صغیر عالم نے بتایا کہ اورنگ زیب نے اپنی اہلیہ سے گھریلو معاملات کی بنا پر بچوں کی کسٹڈی کیلیے پٹیشن دائر کی ہوئی تھی۔

گزشتہ روز بچوں کی کسٹڈی متوفی کی اہلیہ کے حوالے کردی گئی تھی۔ ریسکیو اداروں کی جانب سے فوری طور پر امدادی کارروائی شروع کی گئی، جس کے دوران دونوں بچوں کی لاشیں سمندر سے نکال لی گئی ہیں،جن کو فوری طور پر ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیاتاہم باپ اورنگزیب کی تلاش تاحال جاری ہے۔