لائن لاسز اور ریکوری کے مقررہ اہداف کا حصول اولین ترجیح ہے،چیف ایگزیکٹو فیسکو

جمعہ 1 اگست 2025 17:31

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2025ء) فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کیچیف ایگزیکٹوانجینئرمحمد عامر نے کہا ہے کہ نیپرا کی جانب سے فیسکو کیلئے سال2025-26 کیلئے لائن لاسز اور ریکوری کے مقررہ اہداف کا حصول اولین ترجیح ہے۔ فیسکو ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ فرسٹ سرکل کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریکوری کے لحاظ سے فیسکو تمام ڈسٹری بیوشن کمپنیوں میں پہلے نمبر پر ہے جو کہ ایک اعزاز کی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بے مثال کارکردگی فیسکو کے افسران اور اس کے جانفشاں کارکنوں کی شبانہ روز محنتوں کا صلہ ہے اوراس اعزاز کومستقبل میں برقرار رکھنے کیلئے مزید محنت کرنا ہوگی۔انہوں نے فرسٹ سرکل کی مجموعی کارکردگی پر اظہار اطمینان کیا اورکہا کہ آئندہ بھی وہ اس کارکردگی کو برقرار رکھتے ہوئے لائن لاسز میں کمی، ریکوری میں بہتری اور کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کو مزید بہتر بنائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایکسیئن حضرات اور کسٹمرسروسز سنٹرز کے عملہ پرزور دیا کہ وہ کسٹمر کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم پر موصول ہونے والی شکایات کا فوری ازالہ کریں کیونکہ صارفین کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی فیسکو کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے سرکل کے افسران کو ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیادوں پر اپنے کسٹمر سروسز سنٹر کا دورہ کریں اور وہاں درج شکایات کے دورانیے اور عملہ کی کارکردگی جا ئزہ لیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈ میں موجود ٹو فیزٹرانسفارمرز کو تبدیل کیا جا رہا ہے تاکہ صارفین بجلی کی وولٹیج کی کمی بیشی کی شکایات کا مستقل بنیادوں پر ازالہ ہو سکے اور صارفین کو بجلی کی مسلسل فراہمی یقینی ہو۔ انہوں نے فرسٹ سرکل کے افسران اور ملازمین کو صارفین کی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے پرزور دیا اور کہا کہ اس سلسلے میں ملازمین کی طرف سے کسی بھی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کسٹمرسروسز سنٹر پر موجود عملہ کو صارفین سے نرم رویہ اختیار کرنے کی تلقین کی اور کہا کہ ایک مطمئن صارف ہی کامیاب ادارے کی اساس ہے۔ انہوں کہا کہ موسم برسات میں فیسکو ملازمین سیفٹی اصولو ں کو مدنظر رکھتے ہوئے صارفین بجلی کی شکایات کا ازالہ کریں تاکہ وہ بھی محفوظ رہ سکیں اور عوام الناس کے جان ومال کی بھی حفاظت ممکن ہو۔ اجلاس میں سٹاف آفیسر عابد رشید، ڈپٹی کمرشل منیجر فرسٹ سرکل ندیم ساجد اور فرسٹ سرکل کے تمام ایکسین اور ایس ڈی او حضرات نے شرکت کی۔