اسلام آباد چیمبر اور فیصل آباد چیمبر کے صدور کے درمیان ملاقات،کاروبار دوست اور برآمدات پر مبنی پالیسیوں کی تشکیل کے لئے باہمی تعاون پر اتفاق

جمعہ 1 اگست 2025 20:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2025ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف سی سی آئی) کے صدر ریحان نسیم بھرارہ اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر ناصر منصور قریشی کے مابین ایک اعلیٰ سطحی ملاقات منعقد ہوئی جس میں دونوں صدور نے ملک کو درپیش موجودہ اقتصادی چیلنجوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور کاروبار دوست اور برآمدات پر مبنی پالیسیوں کی تشکیل کے لیے قریبی تعاون پر اتفاق کیا جو ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر کو بڑھانے اور پائیدار اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے اہم ہیں۔

دونوں رہنمائوں نے حکومت کے پالیسی سازی کے عمل میں تاجر برادری کو ساتھ لینے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان کو موجودہ معاشی مشکلات سے نکالنے اور سرمایہ کاری پر مبنی مضبوط معیشت کی تعمیر کے لیے طویل مدتی، نتیجہ خیز اور قابل عمل حکمت عملیوں کی ضرورت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

آئی سی سی آئی کے صدر ناصر منصور قریشی نے دورے پر آئے ہوئے ایف سی سی آئی کے صدر کو اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے آئی سی سی آئی کی جانب سے اٹھائے گئے مختلف اقدامات سے آگاہ کیا جس میں اسلام آباد میں نمائشوں اور بین الاقوامی تجارتی تقریبات کی میزبانی کے لیے ایک جدید ترین ایکسپو سینٹر کے قیام کے لیے چیمبر کی کوششیں بھی شامل ہیں۔

انہوں نے آئی سی سی آئی کے قطر اور بنگلہ دیش کے حالیہ کامیاب دوروں کے بارے میں بھی آگاہ کیا جن کا مقصد تجارتی تعلقات کو بڑھانا، سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دینا اور پاکستان کی اقتصادی صلاحیت کو اجاگر کرنا ہے۔صدر ایف سی سی آئی ریحان نسیم بھرارہ نے وفاقی دارالحکومت کے معروف چیمبر کے طور پر آئی سی سی آئی کے تعاون کو سراہا، خاص طور پر اس کی پالیسی ایڈوکیسی اور اسلام آباد کو بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے کاروباری مرکز میں تبدیل کرنے کے لیے لگن کو سراہا۔

دونوں رہنمائوں نے امید ظاہر کی کہ انٹر چیمبر تعاون پاکستان کی اقتصادی صلاحیت کو بڑھانے اور عالمی مسابقت کو مضبوط بنانے کے لیے ایک ماڈل کے طور پر کام کرے گا۔اجلاس میں آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر عبدالرحمن صدیقی، سابق سینئر نائب صدر نوید ملک، سابق نائب صدور اشفاق چٹھہ اور فہیم خان اور ایگزیکٹو ممبر نجیب الٰہی ملک نے بھی شرکت کی۔