وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین سے پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر کی ملاقات

جمعہ 1 اگست 2025 20:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2025ء) وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین سے پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے ملاقات کی ،جس میں فیصلہ کیا گیا کہ بھارت کی طرف سے 5 اگست 2019ء کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے پانچ سال مکمل ہونے پر کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے طور پر یوم استحصال کے طور منایا جائے گا۔

وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور آبادی کے تناسب میں زبردستی تبدیلی کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کے حق خودارادیت کو دبایا نہیں جا سکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یوم استحصال ہمیں اس ظلم و جبر کی یاد دلاتا ہے جس کا سامنا کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے کر رہے ہیں، کشمیر کی جدوجہد آزادی کو طاقت کے زور پر دبایا نہیں جا سکتا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ہر بین الاقوامی فورم پر کشمیریوں کی آواز بلند کرتا رہے گا، یہاں تک کہ انصاف ملے اور آزادی کا سورج طلوع ہو۔وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے آزاد کشمیر اور پاکستان کی سیاسی قیادت کے مابین اتحاد کو کشمیری کاز کی حمایت کے لیے ناگزیر قرار دیا۔

انہوں نے شاہ غلام قادر کو یقین دلایا کہ حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے اپنی کوششیں مزید تیز کرے گی۔شاہ غلام قادر نے کشمیری عوام کے لیے حکومت پاکستان کی مسلسل حمایت پر وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے آزاد جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی اور زور دیا کہ بھارت کے جھوٹے بیانیے کو بے نقاب کرنے کے لیے سفارتی محاذ پر مربوط اور موثر کوششوں کی ضرورت ہے۔ملاقات کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ کشمیری عوام کے حقوق اور آزادی کے لیے آواز بلند کرنے کا عمل نہ صرف جاری رکھا جائے گا بلکہ عالمی سطح پر مزید موثر انداز میں اٹھایا جائے گا۔