پی ٹی اے کا سیلولر موبائل آپریٹرز کی خدمات کے معیار کو جانچنے کے لئے رواں سال کی دوسری سہ ماہی کا سروے

ہفتہ 2 اگست 2025 15:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2025ء) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے سیلولر موبائل آپریٹرز (سی ایم اوز) کی جانب سے فراہم کی جانے والی خدمات کی کارکردگی اور معیار کو جانچنے کے لیے سال 2025 کی دوسری سہ ماہی کے دوران پاکستان کے 19 شہروں میں سروس کے معیار کا ایک آزاد سروے کیا ہے۔ پی ٹی اے کے مطابق ٹرین کے مسافروں کے لیے موبائل سروس کے معیار کی بہتری کے لیے ایک تاریخی اقدام کے تحت پی ٹی اے نے پاکستان کے دو مصروف ترین ریلوے کوریڈورز لاہور۔

راولپنڈی اور پشاور۔راولپنڈی کا اپنا پہلا کوالٹی آف سروس سروے بھی کیا ہے۔ یہ راستے روزانہ انٹرسٹی سفر کے لیے اہم ہیں جن سے ہزاروں مسافروں استفادہ کرتے ہیں۔ اس کا مقصد ٹرانزٹ کے دوران صوتی اور ڈیٹا سروسز کا جائزہ لینا اور ان میں بہتری لانے کے ساتھ ساتھ ایسے صارفین کے لیے قابل اعتماد رابطے کو یقینی بنانا تھا جو نقل و حرکت، کام اور تفریح کے لیے موبائل نیٹ ورکس پر انحصار کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

سروے کے دوران موبائل ہینڈ سیٹس کو وائس کالز، ایس ایم ایس اور موبائل براڈ بینڈ/ڈیٹا سیشن کرنے کے لیے آٹو ڈیٹیکٹ ٹیکنالوجی موڈ میں رکھا گیا تھا۔ یہ جدید ترین خودکار مانیٹرنگ اور بینچ مارکنگ ٹول کا استعمال کرتے ہوئے نیکسٹ جنریشن موبائل سروس (این جی ایم ایس) لائسنسوں کے ساتھ ساتھ سرکلر موبائل نیٹ ورک ریگولیشنز، 2021 کی تعمیل کا معیار جانچنے کے لیے کیا گیا۔

سروے شدہ شہروں میں ہر کلیدی کارکردگی کے اشارے (کے پی آئی ) کی تعمیل کی سطح کی بنیاد پر متعلقہ لائسنسوں اور کوالٹی آف سروس ضوابط کی بنیاد پر سی ایم اوز کو موبائل نیٹ ورک کوریج اور وائس سروسز کی کیٹیگریز میں ایس ٹی 1 سےفورتھ پوزیشن پر رکھا گیا۔ موبائل براڈ بینڈ سپیڈ سیگمنٹ میں، درجہ بندی کا تعین ڈیٹا ڈاؤن لوڈ/اپ لوڈ کی رفتار، نیٹ ورک میں تاخیر، اور ویب پیج لوڈنگ کے وقت کی بنیاد پر کیا گیا ۔

سروے کے نتائج کی روشنی میں سی ایم اوز کو ضروری ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ ریگولیٹری معیارات کے مطابق اپنی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے اصلاحی اقدامات کریں۔ تفصیلی سروے کے نتائج عوامی معلومات کے لیے پی ٹی اے کی آفیشل ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔پی ٹی اے صارفین کے لیے بہتر موبائل سروسز کو یقینی بنانے اور موبائل نیٹ ورک آپریٹرز کے درمیان صحت مند مسابقت کو فروغ دینے کے مقصد سے اپنی فیلڈ ٹیموں کے ذریعے ملک بھر میں سروس کے معیار کی نگرانی جاری رکھے ہوئے ہے۔ مزید تفصیلات https://www.pta.gov.pk/category/qos-survey-959959384-2023-05-30 لنک سے بھی حاصل کی جا سکتی ہیں۔