سٹی ہاؤسنگ کی مشینری کو خفیہ طور پر رات کی تاریکی میںشفٹ کر دیا گیا ،منصوبے کے مستقبل پر سوالیہ نشان

ہفتہ 2 اگست 2025 16:19

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2025ء)پاسبان وطن پاکستان کے مرکزی صدر اور سابق وزیر سیاحت و ٹرانسپورٹ محمد طاہر کھوکھر نے سٹی ہاؤسنگ میرپور منصوبے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمپنی کی جانب سے رات کی تاریکی میں مشینری کو خفیہ طور پر منتقل کیا گیا ہے جو کہ اس منصوبے کے حوالے سے سنگین شکوک و شبہات کو جنم دے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت کشمیریوں بالخصوص اوورسیز کشمیریوں کو فائلیں فروخت کی گئیں جنہیں منافع اور ترقی کے سہانے خواب دکھا کر سرمایہ کاری پر آمادہ کیا گیامگر یہ منصوبہ پیچیدگیوں کا شکار ہے اور کیس عدالت میں زیر سماعت ہے ہزاروں کشمیریوں کی محنت کی کمائی ڈوبنے کا شدید اندیشہ ہے انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ اس معاملے کی مکمل چھان بین کرے اور عوام کو اعتماد میں لے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غیر ریاستی عناصر کو کشمیر کی زمین پر قبضہ نہیں کرنے دیا جائے گا اور وہ ہر فورم پر کشمیریوں کے حقوق کا دفاع کرتے رہیں گے۔میںنے اس اسکینڈل کو منظرِ عام پر لا کر اوورسیز کشمیریوں کو بڑے نقصان سے بچا یاہے اورمیرا مشن اب بھی کشمیری عوام اور سرزمین کا تحفظ ہے اگر بروقت آوازنہ اٹھاتے اور عوام کے سامنے سچائی نہ لاتے تو کشمیری لٹ گئے ہوتے انہوں نے کہا کہ اوورسیز کشمیریوں کو اے آئی اور سمارٹ سٹی کے نام پر دھوکہ دیا گیا جبکہ حقیقت اس سے بالکل مختلف تھی میں نے وقت پر عوام کو آگاہ کیا ورنہ ان کا سرمایہ ڈوب چکا ہوتا اس اسکینڈل نے اوورسیز کشمیریوں کے اعتماد کو شدید ٹھیس پہنچائی ہے رات کی تاریکی میں سٹی ہاؤسنگ کی مشینری کو خفیہ طور پر شفٹ کر دیا گیا جو اس منصوبے کے مستقبل پر سوالیہ نشان بن چکا ہے۔

طاہر کھوکھر نے کہا کہ بااثر افراد کی ملی بھگت سے سادہ لوح اوورسیز کشمیریوں کو مختلف کمپنیوں اور اشتہاری مہمات کے ذریعے گمراہ کیا گیا انہیںA.I. ٹیکنالوجی، سمارٹ سٹی، اور بین الاقوامی معیار کی ہاؤسنگ سکیم کے نام پر زمینیں اور فائلیں فروخت کی گئیں، لیکن عملی طور پر کچھ بھی موجود نہیں۔ لوگوں کو خواب بیچے گئے لیکن ان کی تعبیر میں صرف دھوکہ اور اندھیرا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ زمین پر غیر ریاستی قبضے کی سازش کشمیر کی شناخت اور جغرافیہ خطرے میں کشمیریوں کی زمین کو غیر ریاستی سرمایہ کاروں کے حوالے کرنا نہ صرف معاشی استحصال ہے بلکہ یہ کشمیر کی شناخت جغرافیہ اور تشخص پر بھی حملہ ہے ہم کسی کو بھی اجازت نہیں دیں گے کہ وہ کشمیری عوام کی سرزمین کو بزور سرمایہ یا سیاسی اثر و رسوخ ہڑپ کرے۔طاہر کھوکھر نے کہاکہ انہوں نے وقت پر خطرے کو بھانپ لیا تھا اور اوورسیز کشمیریوں سمیت مقامی عوام کو بھی بروقت آگاہ کیااگر میں خاموش رہتا تو آج ہزاروں کشمیری اپنی عمر بھر کی کمائی سے ہاتھ دھو بیٹھتے قومی ذمہ داری کے تحت کشمیریوں کے حقوق اور ان کے وسائل کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔