اگست بزرگوں کی قربانیاں یاد کرکے منانا چاہیے، اسلم فاروقی

ہفتہ 2 اگست 2025 22:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2025ء)بانیان پاکستان کی اولادوں کی تنظیم محب قومی سماجی کونسل (ایم کیو ایس سی)پاکستان کے چیئرمین و محب وطن سماجی رہنما محمد اسلم خان فاروقی نے کہا ہے کہ 14اگست پر فائرنگ، آتش بازی اور باجے بجانے سمیت موٹر سائیکلوں سے سائلنسر نکال کر چلانے و دیگر بہیودہ اور فرسودہ رسومات پر سخت پابندی لگائی جائے 14اگست ہماری قومی تاریخ کا اہم ترین اور پاکستان کے قیام کا دن ہے اس دن کو بزرگوں کی لازوال و عظیم قربانیوں کو یاد کرکے منانا چاہیے اور مقاصد پاکستان کی تکمیل کے عزم کا اعادہ کرنا چاہیے درحقیقت 14اگست کا دن تجدید عہد کا دن ہے اس دن قائد اعظم محمد علی جناح سمیت تحریک پاکستان کے تمام رہنماں کو شاندار انداز میں خراج عقیدت پیش کرنا چاہیے جن کی بدولت ہم آج آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکلوں سے سائلنسر نکال کر چلانا، فائرنگ کرنا، آتش بازی کرنا اور باجے بجانا بزرگوں کی قربانیوں کو فراموش کرنے کے مترادف ہے انہوں نے مذید کہا کہ نئی نسل ہمارا کل اور ملک کا مستقبل ہے اسے قیام پاکستان کی جدوجہد میں دی گئی بر صغیر کے لاکھوں مسلمانوں کی لازوال قربانیوں سے آگاہی فراہم کرنے کے لیے الیکٹرونک میڈیا پر خصوصی پروگرام نشر کرنے کی اشد ضرورت ہے ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ عام افراد پر قائد اعظم کے مزار اور اس کے احاطے میں شہید ملت لیاقت علی خان، مادر ملت فاطمہ جناح و دیگر تحریک پاکستان کے رہنماں کی قبروں پر فاتحہ خوانی کرنے پر لگائی گئی بلا جواز پابندی کو ختم کیا جائے اور زائرین کو بغیر داخلہ فیس مزار قائد فاتحہ خوانی کے لیے جانے دیا جائے، قائد اعظم کے مزار پر عائد زائرین کے لیے داخلہ فیس مزار قائد کی توہیں ہے۔