جدت، تحقیق اور ٹیکنالوجی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے، صوبائی وزیر صحت کا کانفرنس سے خطاب

ہفتہ 2 اگست 2025 20:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2025ء) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں نیشنل ریسرچ اینڈ اینوویشن کانفرنس 2025 میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز، وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل، سی ای او میو ہسپتال پروفیسر ہارون حامد، پروفیسر اصغر نقی، پروفیسر محمد معین، پروفیسر ابرار اشرف، پروفیسر فائزہ بشیر، پروفیسر علی مدیح ہاشمی اور پروفیسر عمران حسن خان سمیت فیکلٹی ممبران اور طلبا و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر نے مختلف طبی سٹالز کا دورہ کیا اور طلبا و طالبات کی کاوش کو سراہا۔صوبائی وزیر صحت نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انتہائی خوبصورت اور علمی کانفرنس میں شرکت پر خوشی محسوس ہو رہی ہے، ایسی کانفرنسز جدت، تحقیق اور ٹیکنالوجی کی جانب حکومت پنجاب کی ترجیحات کی نشاندہی کرتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ آج ہم آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور طبی سائنس کی دنیا میں زندگی گزار رہے ہیں، حکومت پنجاب نے شعبہ صحت کی بہتری کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہوا ہے، وزیر اعلیٰ مریم نوازکی قیادت میں حکومت پنجاب نے چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام، چیف منسٹرز ڈائیلسز پروگرام، چیف منسٹرز سپیشل انشی ایٹو فار ٹرانسپلانٹ پروگرام، کلینک آن ویلز اور فیلڈ ہاسپٹلز جیسے تاریخی منصوبے لانچ کئے ہیں، سٹروک مینجمنٹ کیلئے اقدامات اور ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن و رینوویشن کا کریڈٹ بھی حکومت پنجاب کو جاتا ہے۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ حکومت پنجاب نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ، نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور اور نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا جیسے اسٹیٹ آف دی آرٹ ادارے قائم کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم انڈر گریجویٹ میڈیکل کالجز میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی تعلیم فراہم، ہیلتھ ڈیٹا مینجمنٹ اور ریسرچ پر مبنی کورسز کروا رہے ہیں، ہم پنجاب کو سمارٹ ہاسپٹلز، ٹیلی میڈیسن سروسز، آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور ایوی ڈینس بیسڈ کلینیکل پریکٹسز کے ساتھ ہیلتھ کیئر اینو ویشن کا ایک مرکز بنانا چاہتے ہیں، ہم میڈیکل کالجز میں جدید آرٹیفیشل انٹیلی جنس اینڈ ریسرچ لیبز قائم کر رہے ہیں،حکومت پنجاب صوبہ بھر میں طبی ریسرچ فیلو شپس کو فروغ دے رہی ہے۔

وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز نے کہاکہ کانفرنس میں آمد پر صوبائی وزیر صحت کا شکریہ ادا کرتے ہیں، ہمیں دکھی انسانیت کی خدمت کر کے اپنے خدا کو راضی کرنا ہے،کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی نے اپنی کیو ایس رینکنگ کو بہتر بنایا ہے۔ وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل نے بتایاکہ پنجاب کی طبی درسگاہوں سے فارغ التحصیل طلبا و طالبات پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں،انتہائی اہم موضوع پر کانفرنس کے انعقاد پر پروفیسر محمود ایاز اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

کانفرنس کے اختتام پر صوبائی وزیر صحت نے مختلف علمی مقابلوں میں نمایاں طلبا و طالبات میں انعام، گولڈ میڈلز و تعریفی اسناد بھی تقسیم کیں۔