جماعت اسلامی اہل کراچی کے لیے امید کا پیغام ہے ، عوام کو ہر سطح پر منظم کر کے مسائل کے حل کے لیے جدوجہد ناگزیر ہے ،ْ منعم ظفر

سندھ حکومت کے ماتحت تمام ادارے کرپشن کا گڑھ بن چکے ہیں ،امیرجماعت اسلامی کراچی کاپی ای سی ایچ ایس میں ممبر کنونشن سے خطاب

ہفتہ 2 اگست 2025 21:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2025ء)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت نے کراچی کے اداروں پر قابض ہے ،پیپلزپارٹی عوام کو کچھ دینا نہیں صرف لینا جانتی ہے ، اختیارات و وسائل نچلی سطح پر منتقل نہیں کررہی، سندھ حکومت کے ماتحت تمام اداروں میں نااہلی و کرپشن کا بازار گرم ہے ،جماعت اسلامی اپنے اختیارات و وسائل سے بڑھ کر عوام کی خدمت اور اہل کراچی کی حقیقی ترجمانی کررہی ہے، جماعت اسلامی اہل کراچی کے لیے امید کا پیغام ہے ، عوام کو ہر سطح پر منظم کر کے مسائل کے حل کے لیے جدوجہد ناگزیر ہے،ان حالات میں کہ جب کراچی کنکریٹ کاجنگل بن گیا ہے ،تعمیرات کے نام پر ہزاروں درختوں کو کاٹا جاچکا ہے اور ماحولیاتی تبدیلیوں و موسم کی شدت کا سامنا ہے ، جماعت اسلامی نے ’’آؤ کراچی سرسبز بنائیں ، شجر کاری‘‘مہم شروع کی ہوئی ہے ،مہم کے دوران شہر بھر میں ایک لاکھ درخت لگائے جائیں گے ،لیاقت آباد اور گلبرگ ٹاؤن میں اربن فاریسٹ اور روڈ سائٹ جنگل کے تصور کو عملی جامہ پہنایاجاچکا ہے ،12اگست کو نیو کراچی ٹاؤن کے تحت بھی اربن فاریسٹ کا آغاز کیا جارہا ہے ،این جی اوز ،سول سوسائٹی اور شہری ہماری شجر کاری مہم کا حصہ بنیں ،شہر کے تحفظ اور ماحول کو بہتر بنانے میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی پی ای سی ایچ ایس کے تحت ’’اٹھو جہاں بدل دو ‘‘کے عنوان ممبر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔کنونشن سے نائب امیر کراچی و اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈوکیٹ ، امیر ضلع قائدین انجینئر عبد العزیز نے بھی خطاب کیا ۔کنونشن کے شرکاء نے اپنی فیملی کے ہمراہ شرکت کی ۔اس موقع پر منعم ظفر خان نے شجر کاری مہم کے سلسلے میں پودا بھی لگایا ۔

منعم ظفر خان نے مزیدکہاکہ شجر کاری مہم میں الخدمت کے رضاکار بھی ہمارے شانہ بشانہ شریک ہیں ،خدمت جماعت اسلامی کا وصف ہے ، نعمت اللہ خان نے اپنے دور نظامت میں اہل کراچی کی بے مثال خدمت کی ، ہمارے منتخب نمائندے آج بھی عوام کی خدمت کررہے ہیں ،ہم نے مختصر وقت میں اپنے 9ٹاؤنز میں 150پارکس بحال کیے ،ہزاروں اسٹریٹ لائٹس نصب کیں ، گلیوں کو روشن کیا ،ٹاؤن کے وسائل سے سیوریج اور پانی کے مسائل حل کیے۔

تعمیر و ترقی اور عوامی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے۔سیف الدین ایڈوکیٹ نے کہا کہ جماعت اسلامی معاشرے کی اصلاح کے ساتھ ساتھ مخلوق کی خدمت بھی جاری رکھے ہوئے ہے اور عوام کو ظلم وستم سے نکالنے کے لیے میدان عمل میں موجود ہے ،الخدمت دکھی انسانیت کی خدمت کررہی ہے ، معاشرے کا ہر فرد اپنی صلاحیت کو استعمال کرتے ہوئے عوام کی خدمت کرسکتا ہے ، عوام کو منظم ہوکر مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کرنی ہوگی ،نوجوانوں کو چاہیے کہ جماعت اسلامی کا ممبر بن کر عوام کی خدمت کریں ، اگر آج ہم اپنے مسائل کے حل کے لیے منظم نہ ہوئے تو آنے والا وقت مزید دشوار ثابت ہوگا۔

انجینئر عبدالعزیز نے کہا کہ اسلام ہمیں خدمت کا درس دیتا ہے ،جماعت اسلامی امانت اور دیانت کا نام ہے ، ہمارے منتخب نمائندے دن ورات عوام کی خدمت میں مصروف عمل ہیں ، ہم نوجوانوں سے اپیل کرتے ہیں کہ جماعت اسلامی کی عوامی کمیٹیوں کا حصہ بن کر عوام کے مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کریں ۔