یومِ آزادی کی مناسبت سے آئی ایس پی آر کا نیا ملی نغمہ ’’دل سے پاکستان‘‘ جاری

ہفتہ 2 اگست 2025 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2025ء) یومِ آزادی کی مناسبت سے پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے ’’دل سے پاکستان‘‘ کے عنوان سے نیا ملی نغمہ جاری کر دیا۔ یہ ملی نغمہ وطن سے محبت، قربانی اور عزم و حوصلے کی بھرپور عکاسی کرتا ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق نیا ملی نغمہ، بھارت کے خلاف معرکۂ حق میں حاصل کی گئی عظیم فتح کی یادگار کے طور پر پیش کیا گیا ہے، جس میں وطن کے جانثار شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی لازوال قربانیوں کو سنہری الفاظ میں سراہا گیا ہے۔

نغمے میں قومی جذبے، جوش، اور ولولے کے ساتھ وطن کی بقاء، خودمختاری اور سلامتی کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے، جبکہ مادرِ وطن کے محافظوں ۔مسلح افواج۔ کے کردار کو شاندار خراجِ تحسین بھی پیش کیا گیا ہے۔’’دل سے پاکستان‘‘ قومی یکجہتی، ترقی اور استحکام کے عہد کی تجدید کا مظہر ہے، جو ہر پاکستانی کے دل کی آواز بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔