حضرت بہاؤالدین زکریا ؒ کے عرس کی تقریبات اختتام پذیر

ہفتہ 2 اگست 2025 22:00

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2025ء) حضرت بہاؤالدین زکریا ملتانی ؒ کے 786 ویں سالانہ عرس کی سہ روزہ تقریبات اختتام پذیر ہو گئیں۔عرس تقریبات میں ملک بھر سے نامور علماءو مشائخ کے علاوہ ہزاروں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔عرس تقریبات کی صدارت مخدوم مرید حسین قریشی نے کی۔تفصیلات کے مطابق تین روزہ عرس تقریبات کے دوران قومی زکریا ؒ کانفرنس کا انعقاد ہوا۔

ہفتہ کو یہاں کانفرنس کی اختتامی نشست میں جماعت اہل سنت پاکستان کے سربراہ علامہ سید مظہر سعید کاظمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت بہاؤ الدین زکریا ؒ نے اپنے دور میں حق وصداقت کا پرچم بلند کیا اور اسلام کی نشر و اشاعت ، تبلیغ اور دینی علوم کے فروغ کے لیے کارہائے نمایاں سرانجام دیئے۔ کانفرنس سے اسلامی نظریاتی کونسل کے ممبر اور جماعت اہل سنت کے مرکز ناظم اعلیٰ پیر خالد سلطان قادری ، صاحبزادہ سید احسن سعید کاظمی ، علامہ سید محمد رمضان شاہ فیضی ، مخدوم سید فیض الحسن گیلانی ، بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی میں اسلامک ریسرچ سینٹر کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عبدالقدوس صہیب ، وسیم ممتاز ایڈووکیٹ ، پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق خان قادری ، محکمہ اوقاف کے ضلعی خطیب مفتی محمد کاشف فریدی ، مولانا محمد صادق سیرانی اور مولانا منسوب الٰہی سعیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت غوث بہاؤالدین زکریا سہروردی ؒ کا عہد ایک صدی پر محیط ہے،اس عرصے میں آپ نے علوم ظاہر و باطن اور مختلف فنون و ہنر کو فروغ دیا،آپ کی بدولت ملتان اسلام کا مرکز بن گیا،آپ نے برصغیر کی پہلی اقامتی یونیورسٹی ملتان میں قائم کی،اس کے علاوہ مساجد کی تعمیر ، مدارس عربیہ کا قیام ، لنگر خانوں کا اہتمام اور اسلامی فن و تعمیر کی حامل عمارات بھی قائم کیں۔

(جاری ہے)

عرس کی اختتامی تقریبات میں مخدوم زادہ محمد سجاد حسین قریشی ، بریگیڈیئر ( ر) مقصود احمد قریشی ، میاں آصف محمود ، میاں جمیل احمد ، علامہ محمد فاروق خان سعیدی ، میاں سیف احمد قریشی ، دربار عالیہ حضرت مخدوم حمید الدین حاکم ؒ کے چیف خلیفہ جام محمد اصغر حمیدی ، سردار زادہ غلام عباس شاہ ، میر علی نواز چاچڑ ، محکمہ اوقاف کے زونل ایڈمنسٹریٹر سید ایاز الحسن گیلانی اور دیگر نے بھی شرکت کی۔

قاری حق نواز سعیدی ، قاری رحمت حسین قادری ، علی رضا قریشی ، محمد عاصم گولڑوی ، محمد ذوالقرنین مہروی ، محمد ثقلین مہروی ، فیصل سہیل، محمد محسن قادری، خلیفہ امان اللہ ،حاجی خان محمد چاچڑ، عبدالوحید عالمانی ، غوث بخش جتوئی اور دیگر نے ہدیہ عقیدت پیش کیا۔پاکستان زکریا اکیڈمی کے سیکرٹری جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق خان قادری نے ایک قرارداد میں اس عزم کا اظہار کیا کہ وطن عزیز کی سالمیت و استحکام اور تعمیر و ترقی کے لیے ہمیشہ سیسہ پلائی دیوار بن کر دفاع وطن کا فریضہ انجام دیتے رہیں گے۔

اس موقع پر انہوں نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے افواج پاکستان کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کیا۔عرس تقریبات کے اختتام پر علامہ سید مظہر سعیدشاہ کا ظمی نے دعا منگوائی۔شرکاء نے دربار پر چادر پوشی بھی کی ۔