عالمی نمائش میں غیر ملکی خریداروں کو قالین، رگز ،فلورکورننگز ایک چھت تلے میسر ہوں گے ، چیئر پرسن سی ٹی آئی اعجاز الرحمان

اتوار 3 اگست 2025 12:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2025ء) کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن و ممبر ایگزیبیشن مینجمنٹ کمیٹی اعجازالرحمان نے کہا ہے کہ رواں سال 7سے9اکتوبر تک پاکستان میں منعقد ہونے والی عالمی نمائش ایشیا ء کی سب سے بڑی ہاتھ سے بنے قالینوں کی تجارتی نمائشوں میں سے ایک ہے جو غیر ملکی خریداروں کو ہاتھ سے بنے بہترین قالین، رگز اور فلورکورننگز ایک ہی چھت کے نیچے حاصل کرنے کا ایک منفرد موقع فراہم کرے گی،بزنس ٹو بزنس پلیٹ فارم کے تحت بین الاقوامی خریداروں، سورسنگ ایجنٹس اور ڈیزائنرز کو پاکستان کے بہترین مینوفیکچررز اور ایکسپورٹرز سے براہ راست رابطے کے مواقع بھی میسر آئیں گے ۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالینوں کی 41ویں عالمی نمائش کی تیاریوں کے حو الے سے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اعجاز الرحمان نے عالمی ایونٹ کی کامیابی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف ایک تجارتی نمائش نہیں بلکہ پاکستان کے بھرپور ثقافتی ورثے کا ایک جشن بھی ہے، پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کا اس عالمی ایونٹ کے انعقاد کا بنیادی مقصد یہاں کے ہنر مندوں کی غیر معمولی مہارتوں کو فروغ دینا ہے جو نسل در نسل منتقل ہوتی آئی ہیں اور خصوصاًدنیا کے سامنے ان کی لازوال خوبصورتی کو پیش کرنا ہے جو پاکستان کی منفرد پہچان ہے ،پاکستان ہاتھ سے بنے قالینوں کی سورسنگ کے لیے بہترین مقام ہے جہاں مہارت، مختلف ڈیزائنز اور بہترین معیار موجود ہیں۔

اعجاز الرحمان نے ہاتھ سے قالین تیار کرنے والے مینو فیکچررز کو دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ غیر معمولی اہمیت کے حامل عالمی ایونٹ کو ہرگز نہ چھوڑیں اور اعلی معیار اور جدید ڈیزائنوں سے مزین اپنی مصنوعات کو ڈسپلے کرکے نئے تجارتی مواقع دریافت کریں۔