دینی علم سیکھنے کی تڑپ ہمہ وقت ہمارے قلوب و اذھان میں موجود رہنی چاہیے، پروفیسر عثمان صفدر

اتوار 3 اگست 2025 13:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2025ء)المدینہ اسلامک ریسرچ سینٹر(MIRC)کے مدیر الجامعہ پروفیسر عثمان صفدر نے فہم دین کورس کرنے والے طلبہ و طالبات اور خواتین و حضرات کو اپنے خصوصی لیکچر کے دوران بتایا کہ دینی علوم انسان میں دینی اور دنیاوی شعور و آگہی کے وہ چراغ جلاتے ہیں جس سے انسان، انسان بن کر دینِ اسلام کی راہ داریوں اور صراط مستقیم پر چل کر اپنی عارضی زندگی گزارنے میں مصروف عمل رہتا ہے لیکن اس کے برعکس دنیاوی علوم اور عصری تعلیم انسان میں وہ شعور بیدا ر کرتی ہے جس سے انسان، انسان بن کر معاشرتی اور معاشی اعتبار سے خود کو خود کفیل بنانے میں مصروف عمل رہتا ہے انہوں نے کہا کہ یہ دنیاوی علوم صرف دنیا ہی کی کھیتی ہیں اور زندگی کے آخر میں اسی دنیا میں رہ جانے والے ہیں لیکن دینی اور آسمانی علوم کی دسترس اور انکی پہنچ دنیا میں اور آخرت میں بھی ہوگی اور یہ دینی علوم قرآن و حدیث و دیگر علوم عالیہ قبر، عالم برزج اور روز محشر میں بھی ہمیں بخشش و مغفرت کروانے میں ہمارا ساتھ دیں گے۔

(جاری ہے)

پروفیسر عثمان صفدر نے کہا کہ میں از خود، پروفیسر حماد امین چاولہ، پروفیسر ڈاکٹر فراز الحق، پروفیسر سعید احمد شاہ، پروفیسر عبدالله شمیم، پروفیسر اور جامع مسجد سعد بن ابی وقاص ؓ ڈیفنس فیز4کراچی کے امام و خطیب الشیخ قاری عبیدالرحمن، پروفیسر محمد کامران یاسین، پروفیسر ابراہیم خلیل، الشیخ پروفیسر محمد جواد موسیٰ (مدیر) البیان اسلامک اکیڈمی، نائب مدیر الجامعہ پروفیسر خالد گورایہ منگل، بدھ اور جمعرات کو شام6بجے تا9بجے اور اتوار کو صبح10تا1بجے دن جامع مسجد کی بالائی منزل پر خواتین و حضرات اور نوجوان طلبہ کو Selected Subjects پڑھاتے ہیں تاکہ ا س مادیت پرست اور انٹرنیٹ کے دور جدید میں پاکستان کے فرزندان توحید کو قرآن سنت کی تعلیم سے آراستہ و پیراستہ کیا جا سکے۔