ملک بھر میں انڈر 17 فٹبال ٹرائلز کا سلسلہ جاری

اتوار 3 اگست 2025 15:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2025ء) کینڈی لینڈ کے زیر اہتمام ملک بھر میں انڈر 17 فٹبال ٹرائلز کا سلسلہ جاری ہے، جن کا مقصد نوجوان فٹبالرز کو تلاش کر کے قومی سطح پر مواقع فراہم کرنا ہے۔ ان ٹرائلز میں شرکت کے لیے نوجوان کھلاڑیوں کی بڑی تعداد مختلف شہروں میں پہنچ رہی ہے، جہاں پیشہ ور کوچز ان کی صلاحیتوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن نے کینڈی لینڈ کی جانب سے گراس روٹس سطح پر فٹبال کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے اسے قابلِ تحسین قرار دیا ہے۔ فیڈریشن کے مطابق یہ ٹرائلز پاکستان میں فٹبال کی ترقی کی سمت ایک مثبت قدم ہیں۔پی ایف ایف نے اعلان کیا ہے کہ کینڈی لینڈ ٹرائلز کے دوران نمایاں کارکردگی دکھانے والے باصلاحیت کھلاڑیوں کو قومی انڈر 17 ٹرائلز میں شرکت کا موقع دیا جائے گا، جو فیڈریشن کے زیر انتظام اور نامزد کوچز کی نگرانی میں منعقد کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ان ٹرائلز کے بعد منتخب ہونے والے کھلاڑیوں کو قومی تربیتی کیمپ میں شامل کیا جائے گا، جہاں سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ تشکیل دیا جائے گا۔ یہ اسکواڈ رواں سال کولمبو، سری لنکا میں منعقد ہونے والی SAFF انڈر 17 بوائز چیمپئن شپ میں پاکستان کی نمائندگی کرے گا۔فیڈریشن کے مطابق حتمی ٹیم کا انتخاب پی ایف ایف کی ٹیکنیکل ٹیم کھلاڑیوں کی تربیتی کیمپ میں کارکردگی کی بنیاد پر کرے گی۔فٹبال ماہرین نے اس اقدام کو ملک میں فٹبال کے فروغ کے لیے ایک خوش آئند پیش رفت قرار دیا ہے۔