کشمیری نوجوان دوران حراست بھارتی پولیس کے وحشیانہ تشدد سے شہید

اتوار 3 اگست 2025 15:20

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2025ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر تسلط جموں وکشمیر کے ضلع اسلام آباد میں بھارتی پولیس نے ایک کشمیری نوجوان کو دوران حراست تشدد کا نشانہ بناکر شہید کر دیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نوجوان کی شناخت منظور احمدکے نام سے ہوئی ہے جسے ضلع کی کیہری بل جیل میں دوران حراست تشدد کا نشانہ بناکر شہید کیاگیا۔

(جاری ہے)

مقتول ایک بے قصور زیر سماعت قیدی تھا جسے جیل کے اندر شدید تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد تشویشناک حالت میں اسلام آباد ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا گیاتھا۔ مسلسل تین دن تک تشویشناک حالت میں رہنے کے باوجود جیل حکام نے بروقت طبی امداد فراہم نہیں کی جس کے باعث اس کی موت واقع ہوئی۔دل دہلا دینے والے اس سانحے نے جنوبی کشمیر کو ہلا کر رکھ دیا ہے کیونکہ منظور احمد تین بہنوں کا اکلوتا بھائی اور اپنے بوڑھے والدین کا واحد سہارا تھا۔متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ اس پر تشدد کیا گیا اور بروقت طبی امداد فراہم نہیںکی گئی۔اس واقعے سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی جیلوں میں نظربند کشمیری حریت پسندوں کی حالت زار کی عکاسی ہوتی ہے۔