پاکستان کا ہر گزرتے سال ایران سے درآمدات پر انحصار میں مسلسل اضافہ

اتوار 3 اگست 2025 16:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2025ء)پاکستان کا ہر گزرتے سال ایران سے درآمدات پر انحصار میں مسلسل اضافہ ہونے لگا، امریکی پابندیوں کے باعث ایران کے لیے پاکستانی برآمدات نہ ہونے کے برابر ہیں، گزشتہ 6 سال میں پاکستان کی ایران سے درآمدات کی تفصیلات سامنے آگئیں۔وزارت تجارت کے ذرائع کے مطابق مالی سال 25-2024 میں پاکستان کی ایران سے درآمدات ایک ارب 22 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز رہیں جبکہ مالی سال 24-2023 میں ایران سے پاکستانی درآمدات کا حجم ایک ارب 3 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز تھا۔

ذرائع کے مطابق مالی سال23-2022 میں ایران سے پاکستان کی درآمدات 88 کروڑ ڈالر تھیں جبکہ مالی سال 22-2021 میں ایران سے درآمدات کا حجم 77 کروڑ 38 لاکھ ڈالر تھا، اسی طرح 21-2020 میں پاکستان کی ایران سے درآمدات 51 کروڑ 86 لاکھ ڈالر تھیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق مالی سال 20-2019 میں ایران سے پاکستانی درآمدات کا حجم 44 کروڑ ڈالرز تھا۔اس طرح 6 سال کے دوران پاکستان کو ایران سے پاکستانی درآمدات کی مجموعی مالیت 4 ارب 87 کروڑ 14 لاکھ ڈالر رہی جبکہ اس کے مقابلے میں پاکستان کی2024 تک کے 5 برسوں میں ایران کے لیے مجموعی برآمدات محض ایک لاکھ 30 ہزار ڈالر تھیں۔

ذرائع مالی سال 24-2023 میں ایران کے لیے پاکستانی برآمدات 20 ہزار ڈالر تھیں جبکہ مالی سال 23-2022 میں ایران کے لیے پاکستانی برآمدات ایک لاکھ ڈالر تھیں۔اسی طرح مالی سال 21-2020 اور 22-2021 میں ایران کے لیے پاکستانی برآمدات صفر تھیں جبکہ مالی سال20-2019 میں ایران کے لیے پاکستانی برآمدات 10 ہزار ڈالرزتھیں۔