تعلیم میں مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے سمٹ کا انعقاد

اتوار 3 اگست 2025 17:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2025ء) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی )کی کور کمیٹی برائے تعلیمی اصلاحات کے زیرِ اہتمام سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبہ ریسرچ، انوویشن اور کمرشلائزیشن کے تعائون سے Edu - Tech Summit 2.0کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد تعلیمی شعبہ کو درپیش چیلنجز کی نشاندہی کرنا اور جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے استعمال کو فروغ دینا تھا تاکہ اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے تعلیمی معیار کو بلند کیا جا سکے۔

اتوار کو جاری اعلامیہ کے مطابق سرسید یونیورسٹی کے چانسلر محمد اکبر علی خان نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کرانا مستقبل کی ترقی کے لئے بہت ضروری ہے اور سرسید یونیورسٹی جدت کے اس سفر میں قائدانہ کردار ادا کرے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پرائم منسٹر یوتھ پروگرام سندھ کے کوآرڈینیٹر فہد شفیق نے کہا کہ تعلیمی میدان میں ٹیکنالوجی نوجوانوں کو مستقبل کے چیلنجز کے لیے تیار کرتی ہے اور حکومت ایسے اقدامات کی بھرپور حمایت کرتی ہے جو تعلیمی میدان میں انقلابی تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہوں۔

اجلاس میں ایف پی سی سی آئی کی ایجوکیشن ریفارم کمیٹی کی کنوینئر صدف بھٹی نے ایجوکیشن ٹیک ریفارم سمیٹ 2025 کے مقاصد کی وضاحت کرتے ہوئے نوجوانوں کو با اختیار بنانے اوراعلی کارکردگی کو یقینی بنانے کے لئے تعلیمی اداروں میں اے آئی۔ ٹیک ایجوکیشن کے فروغ کے لئے تجاویز پیش کیں۔تقریب کے شرکاء میں سرسید یونیورسٹی کے چانسلر محمد اکبر علی خان، رجسٹرار کموڈور (ر)سید سرفراز علی، پرائم منسٹر یوتھ پروگرام سندھ کے کوآرڈینیٹر فہد شفیق،ایف پی سی سی آئی ایجوکیشن ریفارمز کمیٹی کی کنوینر صدف بھٹی، شعبہ کمپیوٹر سائنس کے چیئرمین ڈاکٹر کاشف شیخ، ORIC کے منیجر سید محمد ریاض الحق اور دیگر تعلیمی و صنعتی اداروں کے نمائندگان شامل تھے۔