الیکٹریسٹی پاکستان اور ای وی ایس ورلڈ نمائش کامیابی سے اختتام پذیر

اتوار 3 اگست 2025 20:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2025ء) لاہور میں جاری 3 روزہ الیکٹریسٹی پاکستان اور ای وی ایس ورلڈ نمائش ایکسپو اختتام پذیر ہو گئی جس میں 100 سے زائد قومی و بین الاقوامی کمپنیاں شریک ہوئیں۔ یکم اگست سے جاری رہنے والی اس نمائش نے صنعت کے ماہرین، سرکاری نمائندوں اور عالمی ٹیکنالوجی فراہم کنندگان کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا تاکہ پاکستان میں توانائی کی منتقلی اور الیکٹرک گاڑیوں کے نظام کو فروغ دیا جا سکے۔

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب کے وزیر برائے ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے الیکٹرک وہیکل اور ٹرانسپورٹ سلوشنز کے فروغ میں اس نمائش کے کردار کو سراہا اور کہا کہ ای وی ایس ورلڈ نے صاف، موثر اور جدید ٹرانسپورٹ ٹیکنالوجیز کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے،حکومت پنجاب الیکٹرک وہیکل ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کے لیے مضبوط پبلک وپرائیویٹ شراکت داری، موثر پالیسیوں و انفراسٹرکچر کی ترقی پر پرعزم ہے۔

(جاری ہے)

سی ای او سلیم خان تنولی نے کہا الیکٹریسٹی پاکستان اور ای وی ایس ورلڈ کا کامیاب اختتام ملک کیلئے صاف اور موثر توانائی کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔صنعت کے رہنماوں کی بھرپور شرکت اور پائیدارحلقوں میں عوامی دلچسپی نے پاکستان کے توانائی اور الیکٹرک موبیلٹی کے منظرنامے کیلئے ایک مضبوط بنیاد فراہم کی ہے۔الیکٹریسٹی پاکستان نے توانائی، بجلی اور الیکٹریکل انجینئرنگ کے شعبوں میں جدید پیش رفت کو اجاگر کیا، جو طویل مدتی توانائی تحفظ کیلئے نہایت اہم ہیں جبکہ ای وی ایس ورلڈ میں جدید الیکٹرک گاڑیاں، بیٹری سٹوریج سسٹمز، چارجنگ انفراسٹرکچر اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ سلوشنز پیش کیے گئے۔