مرکزی صدر پاکستان سنی تحریک علامہ بلال عباس قادری سے علامہ نجیب اللہ زہری،حافظ گل حسن قادری اورعلامہ نصراللہ حسینی کی ملاقات

ملاقات میں پاکستان سنی تحریک تنظیمی امور،بلوچستان میں دعوتی و تنظیمی سرگرمیوں اور ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور اہم ایشوز پر تفصیلی گفتگو کی گئی

اتوار 3 اگست 2025 20:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2025ء)پاکستان سنی تحریک کے مرکزی صدر علامہ بلال عباس قادری سے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل پاکستان سنی تحریک علامہ نجیب اللہ زہری، صوبائی جنرل سیکرٹری پاکستان سنی تحریک بلوچستان حافظ گل حسن قادری اور صوبائی جنرل سیکرٹری علما بورڈ پاکستان سنی تحریک بلوچستان شیخ الحدیث علامہ نصراللہ حسینی نے خصوصی ملاقات کی۔

اس ملاقات میں تنظیمی امور، بلوچستان میں دعوتی و تنظیمی سرگرمیوں اور ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور اہم ایشوز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔مرکزی صدر پاکستان سنی تحریک علامہ بلال عباس قادری نے وفد کو تحریک کے اہداف، تنظیمی استحکام اور علما و مشائخ کی فعالیت کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے رہنمائی فراہم کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بلوچستان میں دعوتی نیٹ ورک کو وسعت دینے، نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے اور اتحاد امت کے فروغ کے لیے مشترکہ لائحہ عمل پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات کے موقع پر بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی۔مرکزی صدر پاکستان سنی تحریک صاحبزادہ علامہ بلال عباس قادری نے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مملکت اسلامی پاکستان کو بیرونی طاقتوں پھلتا پھولتا اور ترقی کرتا ہوا دیکھنا نہیں چاہتی ہیں۔ملک کے اندرونی حالات کو خراب کر کے پاکستان کی معیشت کو تباہ کیا جا رہا ہے۔

پاکستان سنی تحریک نے ہمیشہ ملک دشمن عناصر کی نشاندہی کی ہے اور دشمنان پاکستان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے ان کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی رہی ہے۔ہمارے شہید قائدین نے اپنی جان و مال کا نظرانہ دے کر ملک و قوم کی خدمت کی ہے۔ہمیں اپنے شہید قائدین پر فخر ہے۔ہمارے آبا اجداد نے اس ملک کو بنانے کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں۔ہمارا فرض بنتا ہے کہ اس ملک کی بقا و سلامتی کے لیے ہم اپنا کردار ادا کریں۔پاکستان سنی تحریک نے ہمیشہ امن کا پرچم بلند کر کے امن و امان کے لیے اپنی خدمات پیش کی ہیں۔