حلقہ لچھراٹ کے علاقے دبن، بیٹ نمبر 32، 33، 34 اور 35میں جنگلات کی اندھادھند کٹائی کا سلسلہ جاری

جنگلات کی غیر قانونی کٹائی میں ملوث افراد اور محکمہ جنگلات کے اہلکاروں کے خلاف فوری تحقیقات کی جائیں،عوامی مطالبہ

پیر 4 اگست 2025 17:06

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2025ء)حلقہ لچھراٹ کے علاقے دبن، بیٹ نمبر 32، 33، 34 اور 35میں ٹمبر مافیا نے جنگلات کی اندھادھند کٹائی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ جنگل کی بے دریغ کٹائی کے بعد اب منڈیوں کی صفائی اور چھلکوں کی ترسیل کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، جو علاقے کے قدرتی حسن، ماحولیاتی توازن اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کے لیے سنگین خطرہ بن چکا ہے۔

عوام علاقہ نے وزیراعظم آزاد کشمیر، وزیر جنگلات، چیف کنزرویٹر فارسٹ اور محکمہ جنگلات کے دیگر اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر یہ سلسلہ نہ رکا تو عوام لنگر پورہ سے مین روڈ کی بندش کا اعلان کریں گے۔ جنگلات کی غیر قانونی کٹائی میں ملوث افراد اور محکمہ جنگلات کے اہلکاروں کے خلاف فوری تحقیقات کی جائیں۔

(جاری ہے)

ملوث افسران کو معطل کر کے ان کے خلاف سخت محکمانہ و قانونی کارروائی کی جائے۔دبن اور ملحقہ علاقوں میں جنگلات کی کٹائی کو فی الفور روکا جائے۔علاقے میں جنگلات کی حفاظت کے لیے مقامی سطح پر نگرانی کا نظام قائم کیا جائے۔عوام علاقہ کا کہنا ہے کہ اس کٹائی میں محکمہ جنگلات کے بعض اہلکاروں کی مبینہ ملی بھگت اور ٹمبر مافیا کا گٹھ جوڑ شامل ہے۔

اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو آنے والے چند برسوں میں یہ علاقہ بنجر میدان میں تبدیل ہو سکتا ہے۔ ''یہ صرف جنگل نہیں، ہماری **زمین، ہوا، پانی اور آئندہ نسلوں کا تحفظ** ہے۔ ہم خاموش تماشائی نہیں بنیں گے۔ اگر حکومت نے ایکشن نہ لیا تو عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا جائے گا اور ہر قسم کی سیاسی و سماجی مزاحمت کی جائے گی۔''عوامی نمائندوں، سماجی تنظیموں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد اس مسئلے پر **متحد اور متحرک** ہو چکی ہے، اور اب یہ مہم صرف جنگلات بچانے کی نہیں بلکہ بقا کی جنگ بن چکی ہے۔