گلبرگ لاہور میں واقع پیس پلازہ بحالی کیلئے مکمل طور پر محفوظ ہے،ترجمان محتسب پنجاب

پیر 4 اگست 2025 17:09

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) گلبرگ لاہور میں واقع پیس پلازہ میں 13 مارچ 2022 کو آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا، جس میں 400 سے زائد دکانیں اور 100 سٹالز مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔ متاثرہ شہریوں اور دکانداروں کی جانب سے موصول شکایات پر، دفتر محتسبِ پنجاب کی جانب سے فوری کارروائی کی گئی۔ترجمان دفتر محتسب پنجاب کےمطابق ماہرین نے عمارت کا تکنیکی معائنہ کر کے تصدیق کی کہ مذکورہ پلازہ بحالی کے لیے مکمل طور پر محفوظ ہے، تاہم پلازہ مالکان اس عمل کی مخالفت کر رہے تھے۔

شکایات موصول ہونے پر، محتسبِ پنجاب نے چیف انجینئر ایل ڈی اے کی سربراہی میں 8 رکنی کمیٹی تشکیل دی، جس نے اس بات کی توثیق کی کہ عمارت کو محفوظ طریقے سے دوبارہ استعمال کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں، محتسبِ پنجاب نے کمشنر لاہور کو 60 دن کے اندران سفارشات پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی۔ پلازہ مالکان کی جانب سے گورنر پنجاب کے سامنے اس حکم کے خلاف اپیل کی گئی، جو مسترد کر دی گئی اور محتسب کا فیصلہ برقرار رکھا گیا۔محتسبِ پنجاب کی اس موثر مداخلت کے باعث سینکڑوں متاثرہ کاروباروں کی بحالی کی راہ ہموار ہوئی ہے اور متاثرہ خاندانوں کو طویل انتظار کے بعد ریلیف ملا ہے۔ شکایت کنندگان نے بروقت انصاف پر محتسبِ پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔