Live Updates

امیر جماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ کا بھٹائی آباد کا دورہ

پیپلز پارٹی کی حکومت نے اپنی ناقص کارکردگی سے کراچی جیسے عالمی شہر کوبھی لاڑکانہ جیسے شہر میں تبدیل کر دیا ہے،کارکنوں سے خطاب

پیر 4 اگست 2025 18:04

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2025ء) امیر جماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ صاف پانی تعلیم صحت سمیت عوام کے بنیادی مسائل کو حل کرنا حکومت وقت کی اولین ذمے داری ہوتی ہے۔ریاست کاکام صرف ٹیکس جمع کرنا ہی نہیں بلکہ اپنے عوام کو روزگار سمیت جان ومال کا تحفظ فراہم کرنابھی حکومت کی ذمے ہے۔مسلسل پندرہ سال حکومت کرنے کے باوجود پیپلزپارٹی عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے سمیت سندھ میں گڈ گورننس کی کوئی مثال قائم نہیں کر سکی ہے۔

پیپلز پارٹی کی حکومت نے اپنی ناقص کارکردگی سے کراچی جیسے عالمی شہر کوبھی لاڑکانہ جیسے شہر میں تبدیل کر دیا ہے جس میں ٹوٹی پھوٹی سڑکیں اور سیوریج سے بھری گلیاں ہیں۔جلدبازی اورغلط حکمت عملی سے سندھ کی پہچان وثقافت اجرک کو بھی متناعہ بنادیا ہے۔

(جاری ہے)

بھٹائی آباد سمیت کچی آبادیوں کی بھی بدترصورتحال پیپلزپارٹی قیادت کے لمحہ فکریہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھٹائی آبادکے دورے کے موقع پرکیا۔ صوبائی امیر نے رفیق النساء مسجد کے تعمیری کام کا جائزہ ،جماعت اسلامی کی جانب سے جاری مختلف سماجی، فلاحی اور تعلیمی منصوبوں کا معائنہ بھی کیا ۔ ناظم علاقہ جوہر انور صالح نے عوتی وتنظیمی امورسے آگاہ کیا۔ اس موقع پرناظم دھنی بخش گوٹھ برکت علی میرانی نے انہیں سندھی ثقافت کی پہچان اجرک پہنائی۔

کاشف سعید شیخ کاکہنا تھاکہ جماعت اسلامی صرف سیاسی نہیں بلکہ ایک نظریاتی، اصلاحی اور فلاحی جماعت ہے، جو عوام کے حقیقی مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہری پانی کی قلت، لوڈشیڈنگ، مہنگائی اور بیروزگاری جیسے مسائل پر جماعت اسلامی ہر سطح پر آواز بلند کر رہی ہے۔انہوں نے اجرک نمبر پلیٹ کے حوالے سے کہاکہ اجرک ہماری ثقافت اور پہچان ہے، لیکن اس کے نام پر عوام سے چالان اور لوٹ مار ناقابل برداشت ہے۔

ہم اس عمل کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی سندھ کے عوام کے حقوق کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھا رہی ہے ۔ انہوں نے زوردیاکہ کہ بھٹائی آ باد اور دیگر علاقوں کے بنیادی مسائل حل کیئے جائیں۔اس موقع پر معاون خصوصی زاہدحسین راجپر، ناظم علاقہ جوہر انور صالح، نائب ناظم عثمان خان، ناظم انتخاب منور حسن، ناظم وارڈ نمبر1 محمد امین سومرو، ناظم دھنی بخش گوٹھ برکت علی میرانی،طارق مشتاق مہر اور امام و خطیب مسجد علاؤالدین بھی موجود تھے۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات