نوجوانوں کو جدید صنعتی اور تکنیکی مہارتوں سے آراستہ کر کے ہی پاکستان کو معاشی طاقت میں تبدیل کیا جا سکتا ہے، ناصر منصور قریشی

پیر 4 اگست 2025 19:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر ناصر منصور قریشی نے پاکستان کی پیشہ ورانہ تعلیم اور ہنر کی ترقی میں بھاری سرمایہ کاری کی فوری ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے مستقبل کے لیے افرادی قوت تیار کی جا سکے گی جو ملک کو صنعتی اور اقتصادی خوشحالی کے نئے دور کی طرف لے جانے کے قابل ہو گی۔

پیر کو چیمبر ہائوس میں آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر عبدالرحمان صدیقی کے ہمراہ تجارت اور صنعت کے رہنمائوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے صدر قریشی نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوانوں کو جدید صنعتی اور تکنیکی مہارتوں سے آراستہ کر کے ہی پاکستان کے ڈیموگرافک ڈیویڈنڈ کو معاشی طاقت میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مہارت، اختراع اور موافقت میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری وقت کی ضرورت ہے ، اگر ہم اپنی نوجوان نسل کو مستقبل کے لیے ضروری صلاحیتوں کے ساتھ بااختیار بنائیں تو پاکستان ایک نئے صنعتی دور میں آگے بڑھ سکتا ہے۔

پاکستان اور چین کے پیشہ ورانہ تربیتی اداروں کے درمیان حالیہ معاہدے کو سراہتے ہوئے آئی سی سی آئی کے صدر نے اسے ملک کے نوجوانوں کے لیے تبدیلی کا سفر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت، روبوٹکس، بگ ڈیٹا اور گرین ٹیکنالوجیز کے ابھرتے ہوئے شعبے تیزی سے روایتی ملازمتوں کی جگہ لے رہے ہیں اور یہ کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) ہزاروں نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے تیار ہے جس میں خصوصی مہارتوں کی ضرورت ہے۔

صدر ناصر منصور قریشی نے نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) پر زور دیا کہ وہ اعلیٰ پیشہ ورانہ تربیت کی فراہمی کے لیے اپنی کوششوں کو تیز کرے جس سے نہ صرف ملک کے اندر روزگار کو فروغ ملے بلکہ ایک ہنر مند افرادی قوت بھی تیار کی جائے جو بیرون ملک ملازمت کے ذریعے قیمتی زرمبادلہ کمانے کے قابل ہو۔انہوں نے سرکاری اور نجی دونوں شعبوں پر زور دیا کہ وہ ملک کے نوجوانوں کو یوتھ بوم میں تبدیل کرنے کے لیے ہاتھ بٹائیں، جہاں تک آئی سی سی آئی کا تعلق ہے تو ہم اس قومی مقصد کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں اور ایک ہنر مند، اختراعی اور مستقبل کے لیے ضروری افرادی قوت کی تیاری میں اپنا فعال کردار ادا کرتے رہیں گے۔