پولیس کے شہدا نے اپنا آج قوم کے پرامن کل کے لیے قربان کیا، وفاقی وزیر ریلوے

پیر 4 اگست 2025 20:18

پولیس کے شہدا نے اپنا آج قوم کے پرامن کل کے لیے قربان کیا، وفاقی وزیر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2025ء)وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے یومِ شہداء پولیس کے موقع پر دہشتگردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس کے شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کے شہداء ہماری قوم کے اصل ہیرو ہیں، جنہوں نے ملک و قوم کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے امن و استحکام کی بنیاد رکھی، یومِ شہداء پولیس قربانی، وفاداری اور قومی جذبے کا روشن باب ہے، جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

پیر کو وزارت ریلوے کی جانب سے جاری بیان میں محمد حنیف عباسی نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف لڑائی پولیس کے جوانوں نے سینہ تان کر لڑی ہے اور ہزاروں جوانوں نے اپنی جانیں قربان کر کے قوم کو محفوظ بنایا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پولیس کے شہدا نے اپنا آج ، قوم کے پٴْرامن کل کے لیے قربان کیا، ان کی قربانیوں کو قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ریاستی امن، قومی وقار اور عوام کے تحفظ میں پولیس کا کردار سنہری باب کی حیثیت رکھتا ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف صفِ اول میں لڑنے والے پولیس کے شہداقوم کے عظیم محافظ ہیں جنہوں نے ہر محاذ پر بہادری اور جرات سے دشمن کا مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے جوانوں نے اپنے خون سے امن کی وہ تاریخ رقم کی ہے جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔محمد حنیف عباسی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ریلوے پولیس سمیت تمام ادارے شہداکے مشن کو آگے بڑھائیں گے اور پولیس شہدا کے خاندانوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، وزارتِ ریلوے ان کے ساتھ ہر قدم پر کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یومِ شہداء پولیس قربانی، وفاداری اور قومی جذبے کا روشن باب ہے، جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔