نظام مصطفی پارٹی کی مسجداقصیٰ کی بے حرمتی پرشدید الفاظ میں مذمت

پیر 4 اگست 2025 21:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2025ء)نظام مصطفی پارٹی کے چیئرمین سابق وفاقی وزیرپیٹرولیم ڈاکٹر حاجی محمدحنیف طیب نے کہاکہ مسجد اقصیٰ قبلہ اول ہے اوربیت المقدس انبیاء علیہ السلام کی سرزمین جس کی حفاظت اُمت مسلمہ کی ذمہ داری ہے انہوںنے اسرائیلی وزیر اتمار بن گویر کاصہیونی ہجوم کے ہمراہ مسجد اقصیٰ پرحملہ،بے حرمتی ،گانے،رقص کرنے اورنمازیوں پر تشددکرنے کے عمل کی شدیدالفاظ میں مذمت کی اورایسے ناقابل برداشت عمل اور اشتعال انگیزحرکت کواُمت مسلمہ کی عزت وغیرت پرحملہ قراردیا۔

ڈاکٹرحاجی حنیف طیب نے بین المذاہب ہم آہنگی کے دعویداروں،عالمی امن کے اداروں ،مسلم تنظیم اوآئی سی کومتنبہ کیاکہ یہ بات لمحہ فکریہ ہے مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی آئے روزکامعمول بن چکی ہے ایسے حالات میں ان اداروں کی مجرمانہ خاموشی افسوس ناک ہے جوخطے میں امن وامان کیلئے تباہ کن ہوسکتی ہے انہوںنے اقوام متحدہ ،مسلم تنظیم اوآئی سی سے اسرائیل کواشتعال انگیزکارروائیوں سے بازرکھنے میں اپنا کرداراداکرنے اپیل کی ہے دوسری جانب ڈاکٹرحاجی محمدحنیف طیب نے مرکزاطلاعات فلسطین کی اس رپورٹ پربھی گہری تشویش کااظہارکیاکہ’’ قابض اسرائیلی ریاست انتہاپسند صہیونی آبادکارتنظیموں نے 9اگست کواشتعال انگیز یہودی مارچ کااعلان کررکھا ہے جس کا مقصد مسجداقصیٰ کی شناخت کو مٹانا اسلامی تشخص پرضرب لگاناہے مارچ کا آغازبیت المقدس میں واقع ’’حدیقہ استقلال ‘‘سے کیاجائے گا‘‘حاجی محمدحنیف طیب نے کہاکہ یہ مسلم حکمرانوں کی احساس بیداری کا امتحان ہے اُمت مسلمہ قبلہ اول کی حفاظت کیلئے استقامت کا مظاہرہ کریں، صہیونیوں کے عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے متحدہوجائیں۔

(جاری ہے)

قابض اسرائیل کے ناپاک عزائم کو روکنے کے لیے اپنا کرداراداکریں پہلے مرحلہ پرپاکستان ،سعودیہ عرب،ایران،ترکیہ ،ملائیشیا،انڈونیشیا،بنگلہ دیش اجلاس بلاکر مشترکہ لائحہ عمل پر اتفاق کریں ۔