ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت اجلاس ،چہلم حضرت امام حسین کے موقع پر فول پروف انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی

پیر 4 اگست 2025 21:18

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیر صدارت اجلاس میں چہلم حضرت امام حسین کے موقع پر جامع، منظم اور فول پروف انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ۔ پیر کو منعقدہ اجلاس میں سٹی پولیس آفیسر صاحبزادہ بلال عمر، اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران شریک ہوئے۔اجلاس میں تمام محکموں نے چہلم کے انتظامات کے حوالے سے اپنی تیاریوں سے آگاہ کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر ہدایت کی کہ کنٹرول روم کو مکمل طور پر فعال رکھا جائے تاکہ کسی بھی ایمرجنسی صورت حال میں فوری ردعمل ممکن ہو۔انہوں نے واضح ہدایات جاری کیں کہ چہلم کے مرکزی و ذیلی جلوسوں کے تمام روٹس پر صفائی، روشنی اور بجلی کی لٹکتی تاروں کو فوری طور پر ہٹایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے واسا، پنجاب فوڈ اتھارٹی، محکمہ صحت اور ریسکیو 1122 سمیت تمام متعلقہ اداروں سے عملی منصوبہ جات (پلانز) طلب کر لئے۔

ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے کہا کہ جمعہ کے روز جلوسوں کے دوران اوقات کار کی پابندی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی زحمت کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ چہلم کے موقع پر بھی مثالی اور مؤثر انتظامات کو یقینی بنائے گی۔سٹی پولیس آفیسر صاحبزادہ بلال عمر نے کہا کہ چہلم حضرت امام حسین کے موقع پر بھی سکیورٹی کے فول پروف اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ شرپسند عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی اور امن و امان کی صورتحال پر مکمل کنٹرول رکھا جائے گا۔