پاکستان نے انٹرنیشنل اولمپیاڈ اِن انفارمیٹکس 2025 میں چار کانسی کے تمغے جیت لئے

جیتنے والوں میں محمد انیق، غلام جنید، محمد سارم اور احمد عمران ملک شامل، کامیابی پاکستان کی انفارمیٹکس کے شعبے میں بڑی پیشرفت قرار

منگل 5 اگست 2025 14:49

پاکستان نے انٹرنیشنل اولمپیاڈ اِن انفارمیٹکس 2025 میں چار کانسی کے تمغے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2025ء) پاکستان کی ٹیم نے بولیویا میں ہونے والے انٹرنیشنل اولمپیاڈ اِن انفارمیٹکس 2025 (آئی او آئی) میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چاروں کے چار کانسی کے تمغے جیت کر ملک کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ تمغے جیتنے والوں میں محمد انیق، غلام جنید، محمد سارم اور احمد عمران ملک شامل ہیں، یہ کامیابی پاکستان کی انفارمیٹکس کے شعبے میں بین الاقوامی سطح پر ایک بڑی پیشرفت قرار دی جا رہی ہے۔

وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت نے ہر سال اس عالمی مقابلے میں شرکت کے لئے فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کو قومی سطح پر ذمہ داری سونپی ہے۔ اس سلسلے میں ایف بی آئی ایس ای نے ملک بھر کے تعلیمی بورڈز، انٹربورڈز کوآرڈینیشن کمیشن (آئی بی سی سی )، ڈائریکٹوریٹس آف ایجوکیشن اور کیمبرج سمیت تمام تعلیمی دھاروں کے اداروں کو طلبہ کی شمولیت کے لئے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کئے۔

(جاری ہے)

اس اعلان کے بعد ملک بھر سے 528 طلبہ نے پاکستان اولمپیاڈ اِن انفارمیٹکس (پی او آئی) کے لیے رجسٹریشن کرائی۔ ایف بی آئی ایس ای نے دو مرحلوں پر مشتمل سخت انتخابی عمل کے ذریعے بہترین نوجوان پروگرامرز کا انتخاب کیا۔ پہلے مرحلے کے امتحانات 12 امتحانی مراکز پر منعقد ہوئے جن میں لاہور، کراچی، کوئٹہ، ملتان، پشاور، گلگت بلتستان، مظفرآباد، راولپنڈی اور اسلام آباد شامل تھے۔

پہلے مرحلے کے نتائج کی بنیاد پر 25 طلبہ کو دوسرے مرحلے کے لیے منتخب کیا گیا، جس سے فائنل چار رکنی ٹیم تشکیل پائی۔27 جولائی سے 3 اگست 2025 تک بولیویا میں ہونے والے عالمی مقابلے میں پاکستان کی ٹیم نے چاروں کھلاڑیوں نے کانسی کا تمغہ جیت کر سو فیصد میڈل ریکارڈ قائم کیا۔ 86 ممالک میں سے پاکستان نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 32واں مقام حاصل کیا اور جرمنی، آسٹریا، ترکی، فرانس، اٹلی، نیوزی لینڈ، اسپین، فن لینڈ، نیدرلینڈز، بیلجیم اور سعودی عرب جیسے کئی ترقی یافتہ ممالک کو پیچھے چھوڑ دیا۔

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ گزشتہ سال مصر میں ہونے والے 2024 ا?ئی او ا?ئی میں پاکستان نے دو کانسی کے تمغے جیتے تھے اور 46ویں پوزیشن حاصل کی تھی۔ اس سال کی شاندار پیش رفت ایف بی آئی ایس ای کے شفاف اور میرٹ پر مبنی انتخابی عمل اور پاکستانی نوجوانوں کی غیر معمولی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ایف بی آئی ایس ای نے طلبہ، ان کے والدین، کوچز اور تمام معاون اداروں کو اس تاریخی کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے اور کہا ہے کہ یہ کامیابی پاکستان میں کمپیوٹر سائنس اور انفارمیٹکس کے فروغ کے لئے ایک اہم سنگ میل ہے۔