بھارت نے کشمیریوں کے مستقبل پر وار کیالیکن کشمیر ی شہدا کا خون ضرور رنگ لائے گا ،ریحان نسیم

منگل 5 اگست 2025 16:42

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے کہا کہ5 اگست 2019کو بھارت نے کشمیریوں کے مستقبل پر وار اور ظلم و بربریت کا نیا دور شروع کیالیکن کشمیر ی شہدا کا خون ضرور رنگ لائے گا اور بھارت کو اپنے زیر قبضہ کشمیر سے نکلنا پڑے گا۔ایک تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ بھارت نے بے گناہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے آواز اٹھانے پر ان کے خلاف بے مثال بربریت اور ظلم کا ارتکاب کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم یوم استحصال کشمیر مناتی ہے تا کہ بھارتی حکومت اور عالمی برادری کو یہ پیغام دیا جائے کہ پاکستانی کشمیریوں کے بنیادی حقوق کے حصول تک ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ بے گناہ کشمیریوں نے آزادی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے اور ان کا خون لا محالہ ایک انقلاب کا باعث بنے گا جس کے نتیجے میں بھارت کو اپنے مظالم کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ انہوں نے کشمیر کے محاصرے کی مذمت کی اور عالمی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ مداخلت کر کے مسئلہ کشمیر کو جلد از جلد حل کریں۔