سندھ زرعی یونیورسٹی میں قومی یکجہتی ریلی، طلبہ، اساتذہ اور افسران کی بڑی تعداد میں شرکت

منگل 5 اگست 2025 17:07

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کی مناسبت سے سندھ کے وزیرِ اعلیٰ سید مراد علی شاہ کی خصوصی دلچسپی کے تحت "آپریشن بنیانُ المرصوص" اور "معرکۂ حق" کے عنوان سے سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام میں ایک شاندار قومی یکجہتی ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف فیکلٹیز، انسٹیٹیوٹس اور سینٹرز سے الگ الگ ریلیاں شامل نکالیں گئیں، جو فیکلٹی آف کراپ پروڈکشن کے سامنے جمع ہوئیں اور بعد ازاں ایک بڑی مرکزی ریلی کی صورت میں وائس چانسلر سیکریٹریٹ تک مارچ کیا گیا۔

ریلی کی قیادت وائس چانسلر ڈاکٹر الطاف علی سیال نے خود کی، جبکہ اس موقع پر مختلف فیکلٹیز کے ڈینز، رجسٹرار، ڈائریکٹر فنانس، تدریسی اور انتظامی شعبوں کے سربراہان سمیت ہزاروں طلبہ و طالبات، اساتذہ اور یونیورسٹی ملازمین نے جوش و خروش کے ساتھ بھرپور شرکت کی۔

(جاری ہے)

طلبہ کے ہاتھوں میں قومی پرچم، پلے کارڈز اور بینرز تھے جن پر ملکی سلامتی، پاک فوج سے یکجہتی اور قومی اتحاد کے نعرے درج تھے، جبکہ "پاک فوج زندہ باد" اور "پاکستان زندہ باد" کے فلک شگاف نعرے مسلسل گونجتے رہے۔

مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر الطاف علی سیال نے کہا کہ پاکستان ہماری نسلوں کی آزادی، سکون اور روشن مستقبل کا ضامن ہے، اور پاک فوج دنیا کی بہادر ترین فوج ہے جس نے اپنی جانوں کے نذرانے دے کر اس ملک کو محفوظ بنایا ہے،ہماری افواج نے دشمن کے ہر وار کو ناکام بنایا، اُن کے ناپاک ارادوں کو شکست دی اور ملک کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔

ڈاکٹر سیال نے کہا کہ اگر آج ہم اپنے گھروں میں سکون سے سوتے ہیں تو یہ ہماری فوج کی قربانی، بہادری اور جدوجہد کا نتیجہ ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں سے ایسے با شعور، محبِ وطن اور سماجی ذمہ داریوں سے آگاہ نوجوان ہی قوموں کی تقدیر سنوارتے ہیں، اور یونیورسٹی میں اس قسم کی سرگرمیوں کا مقصد طلبہ میں حب الوطنی، قومی یکجہتی اور قربانی کا جذبہ بیدار کرنا ہے۔