پاکستانی عوام کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے حقوق کے لیے ان کے ساتھ کھڑے ہیں ،حاجی میر تاج محمد

منگل 5 اگست 2025 17:27

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) کچھی کے سیاسی سماجی اور قبائلی شخصیت چیئرمین مٹھڑی ضلع کونسل حاجی میر تاج محمد رئیسانی نے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت کی جانب سے آئین کی دفعہ 35 اے اور آرٹیکل 273 اے کا خاتمہ جموں وکشمیر عوام کے ساتھ تاریخی ناانصافی آئینی بربریت اور انسانی حقوق کی سنگین پامالی ہے، بھارت نے اس اقدام کے ذریعے کشمیری عوام کو ان کی پہچان شہریت زمین و ملازمت کے حقوق اور قانونی تحفظ محروم کر کے کشمیریوں کی شناخت مٹانے کی سازش کی ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا یہ صرف آئینی تبدیلی نہیں بلکہ ایک گہری سیاسی سازش ہے جس کا مقصد ریاست جموں وکشمیر کی مسلم اکثریتی شناخت کو غیر کشمیری آباد کاری کے ذریعے تبدیل کرتا ہے یہ اقدام اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی اور کشمیروں کے حق خود ارادیت پر حملہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت نے اس روز تاریخ کا بدترین لاک ڈاؤن نافذ کر کے لاکھوں کشمیروں کو ان کے گھروں میں محصور کر دیا انٹرنیٹ فون سروس اور تمام ذرائع ابلاغ بند کر دیے گئے، تعلیمی ادارے کاروبار اور ہسپتال تک بند کر دیے گئے ،بھارت اس خوش فہمی میں مبتلا تھا کہ سختیوں اور جبر کے ذریعے کشمیری عوام کو خاموش کرا لے گا۔

حاجی میر تاج محمد رئیسانی نے کہا کہ کشمیری عوام پاکستان کے ساتھ رہنا چاہتی ہے اور پاکستان کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے حقوق کے لیے ساتھ کھڑا رہے گا۔